اسماعیل ہنیہ کا قتل ،ایران میںفوجی و انٹیلی جنس افسروں سمیت 2درجن سے زائد افراد گرفتار

تہران،نیویارک،لندن،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی تحقیقات،ایران میںفوجی و انٹیلی جنس افسروں سمیت 2درجن سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونےوالوں میںاسماعیل ہنیہ کے گیسٹ ہاوس کے ملازمین بھی شامل ہیں،اخبار کے مطابق اسماعیل ہنیہ پر تہران میں قاتلانہ حملہ ایرانی سکیورٹی کےلئے بڑا سوالیہ نشان ہے اور یہی وجہ ہے پاسداران انقلاب کی خصوصی انٹیلی جنس ٹیم معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، تمام گرفتار افراد سے سکیورٹی ناکامی پرپوچھ گچھ کی جائے گی۔

ادھر برطانوی اخبار نے انکشاف کیا اسرائیل نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو ایرانی ایجنٹس کی مدد سے نشانہ بنایا۔

دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے اسماعیل ہنیہ کے زیر استعمال گیسٹ ہاوس کے 3 کمروں میں ایرانی سکیورٹی ایجنٹوں کی مدد سے دھماکہ خیز مواد نصب کرایا ،اسماعیل ہنیہ ایران کے دورے میں اکثر اسی عمارت میں قیام کیا کرتے تھے، اصل منصوبے کے تحت اسماعیل ہنیہ کومئی 2024 میں طیارہ حادثے میں جاں بحق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر قتل کیا جانا تھا تاہم منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں تاخیر اس لیے کی گئی تب عمارت میں بہت بڑا مجمع ہونے کے باعث آپریشن کی ناکامی کے امکانات زیادہ تھے۔

برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ایرانی حکام کے پاس عمارت کی سی سی ٹی وی موجود ہے جس میں ایجنٹوں کو چپکے سے کمروں میں انتہائی تیزی سے آتے جاتے دیکھا جاسکتا ہے، دھماکہ خیزمواد نصب کرنیوالے ایجنٹ ایران چھوڑ چکے تاہم ایک ساتھی سے تعلق قائم تھا ،دھماکہ خیزمواد کو ایران کے باہر سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے تباہ کیا گیا ،تحقیقات کے دوران دیگر 2 کمروں سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

دریں اثنا پاسداران انقلاب نے حملے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا حماس سربراہ کو کم فاصلے سے مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا،اسماعیل ہنیہ کو نشانہ بنانے کےلئے شارٹ رینج پروجیکٹائل استعمال ہوا، پروجیکٹائل میں 7کلو وزنی وار ہیڈ استعمال کیا گیا،حملے میں امریکی مدد شامل تھی،دہشتگرد صیہونی ریاست کو جرم کا فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا، اسماعیل ہنیہ پر حملے کا بدلہ شدید ہوگا، مناسب وقت، جگہ اور طریقے سے بدلہ لیں گے۔

ایران کے نگران وزیر خارجہ علی باقری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ٹیلیفون پر رابطے میں واضح کر دیا اسرائیل سے انتقام لینے کے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے،اسماعیل ہنیہ کو شہید کر کے ایران کی قومی سلامتی پر حملہ کیا گیا اورعلاقائی استحکام کی خلاف ورزی بھی کی گئی ،اسرائیل نے علاقائی و عالمی امن و استحکام کو خطرے سے دو چار کیا ،مجرم صیہونیوں کو متناسب سزا دی جائے گی،امن و استحکام کیلئے عالمی برادری اسرائیل کیخلاف کھڑی ہو اورغزہ میں جرائم روکنے کیلئے دباو¿ ڈالے۔

علاوہ ازیںایرانی انٹیلی جنس کے وزیر نے کہا امریکہ نے اسرائیل کو اسماعیل ہنیہ کے قتل کی منظوری دی،اسماعیل خطیب نے اسماعیل ہنیہ کے خاندان،حماس اور فلسطینی عوام کولکھ خط میں کہااسماعیل ہنیہ کا قتل صہیونی حکومت نے امریکہ سے گرین لائٹ ملنے پر کیا ،اقدام نے ایک بار پھر تل ابیب حکومت کی بربریت کو ثابت کر دیا

مزید برآںایران و پاکستان میں حماس کے نمائندے ڈاکٹر خالد القدومی نے اسماعیل ہنیہ کے بیڈ کے نیچے بم رکھنے کی اسرائیلی و امریکی میڈیاکی خبروں کوگمراہ کن قراردےدیا۔

ڈاکٹر خالد القدومی نے کہارات کے ایک بجکر 37منٹ پرپوری عمارت لرز اٹھی اور عمارت اس طرح لرزی پہلے میں سمجھا زلزلہ آگیا یا بجلی کی گرج و چمک ہے لیکن کھڑکی کھول کے باہر دیکھا تو بارش کے کوئی آثار نہیں ،ہوا گرم تھی،فوراً اپنے کمرے سے نکلا تو دھواں دیکھا اورجہاں شہید اسماعیل ہنیہ کا کمرہ تھا ،چوتھی منزل پر گیا اور دیکھا دیوار ،چھت گری ہوئی ہے،کمرے اور شہید اسماعیل ہنیہ کے لاش کی حالت بتارہی تھی فضا سے گرائی جانے والی کسی چیز یا میزائل حملے کا نتیجہ ہے،زمینی حقائق نیویارک ٹائمز اور اسرائیلی فوجی ترجمان کی کہانیوں کے برعکس ہیں۔

دوسری جانب پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ،تہران میں قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا معاملہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)اجلاس میں اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم ،وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا،ایرانی وزیر خارجہ نے فلسطین مزاحمتی گروپ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایرانی لیڈرشپ ،عوام کے غم و غصے سے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار کو آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے ہنیہ کی شہادت پر وزیراعظم شہباز شریف کی مذمت اور قومی اسمبلی کی قرارداد سے ایرانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا،نائب وزیراعظم نے دو ٹوک پیغام دیا اسماعیل ہنیہ کا قتل عالمی قوانین، سفارتی آداب اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم کو معاملے پر بلائی گئی او آئی سی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی،نائب وزیراعظم نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بلانے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی پاکستان او آئی سی کے اہم اجلاس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گا۔