بھارتی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف، موبائلز ، کینسر کی دوا،امپورٹڈ جیولری سستی

نئی دہلی:(مشرق نیوز) بھارتی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف، موبائل فون، کینسر کی دوا، لیتھیم آئن بیٹریاں اور امپورٹڈ جیولری سستی کردی گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مودی کی نئی حکومت کا پہلا بجٹ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے نوکری پیشہ طبقے کو بڑی خوش خبری سنا کر پیش کردیا،وزیر خزانہ نے کہا ٹیکس سلیب میں تبدیلی سے حکومت کو 37000 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا،تنخواہ دار اور متوسط طبقے کے ٹیکس سلیب میں تبدیلی کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے جا رہے ہیں۔

نرملا سیتا رمن نے کہا ٹیکس سلیب میں تبدیلی سے 4 کروڑ ٹیکس دہندگان مستفید ہوں گے، نئے ٹیکس نظام میں 3 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر صفر ٹیکس ادا کرنا ہوگا،اسی طرح 3 سے زائد اور 7 لاکھ روپے کی آمدنی پر 5 فیصد، 7 سے 10 لاکھ روپے کی آمدنی پر 10 فیصد، 10 سے 12 لاکھ روپے پر 15 فیصد اور 12 سے 15 لاکھ روپے سالانہ آمدنی پر 20 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا،وزیر خزانہ کے بقول 15 لاکھ روپے سے زیادہ کمانے والوں کو 30 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا،نئے مالی سال کےلئے نیشنل پنشن سکیم کے تحت آجروں کا حصہ 10 سے بڑھا کر 14 فیصد کردیا گیا جبکہ فیملی پنشن پر ٹیکس کٹوتی 15000 روپے سے بڑھا کر 25000 روپے کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے موبائل فون، کینسر کی دوا، لیتھیم آئن بیٹریاں اور امپورٹڈ جیولری کو بھی سستا کرنے کا اعلان کیا، سولر سیل بنانے کےلئے استعمال ہونے والی اشیا پر کسٹم ڈیوٹی کم کی جارہی ہے،سونا اور چاندی پر کسٹم ڈیوٹی 6 فیصد کر دی گئی جبکہ لیدر ٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانے کےلئے بھی کسٹم ڈیوٹی کم کی جائے گی، الیکٹرانکس اشیا اور آکسیجن فری کاپر پر بھی کسٹم ڈیوٹی کم کی جائے گی،پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں امونیم نائٹریٹ پر کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ ہوگا جبکہ پی وی سی کی امپورٹ کم کرنے کےلئے 10سے 25 فیصد تک اضافہ ہوگا۔