سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آ ﺅ انصاف دیں ،فیصلے دینے والوں کو سوچنا ہوگا،نواز

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازاو رصدر ن لیگ نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کے امور کاجائزہ لیا گیا،مریم نوازنے سولر پینل فنانسنگ سکیم کو آسان تر بنانے ، سکیم کے اجرا کےلئے کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

سیکرٹری انرجی نعیم رﺅف نے چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاپائلٹ پراجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کا ٹیسٹ رن شروع کر دیا،سولر پینل سسٹم کی ریڈنگ وکارکردگی کا مشاہدہ کیاجائے گا، سولر پی وی ایپ کے ذریعے سولر سسٹم کی آن لائن مانیٹرنگ جاری ہے۔

بریفنگ میں مزید کہاٹیسٹ رن کی کامیابی کا جائزہ لے کر 14اگست سے سکیم لانچ کردی جائے گی، 8800پر بل ریفرنس اورکمپوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر بھیج کر سکیم کےلئے اہلیت چیک کی جائے گی، پی آئی ٹی بی کی قرعہ اندازی کے بعد کامیاب صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیاجائے گا، ضلعی انتظامیہ ،ڈسکوز (ڈسٹری بیوشن کمپنی)قرعہ اندازی میں کامیاب صارف کے کوائف کی تصدیق کریں گے، سکیم کے پینل مارکیٹ میں فروخت ہونے سے بچانے کےلئے سولر پینل و سسٹم پر بار کوڈ ،کیوآر کوڈ موجود ہوگا، پہلے فیز میں ایک لاکھ سے زائد صارفین کو قرعہ اندازی کے ذریعے سولرپینل دئیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازنے کہاآٹا ، بجلی کے نرخ لوگو ں کی معاشی حالت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کےلئے جو کچھ کرنا پڑا ضرور کریں گے،چاہتی ہو ں پنجاب کے ہر شہری کو بجلی کے بل میں ریلیف ملے، سولر پینل فنانسنگ سکیم کا دائرہ کار بتدریج بڑھائیں گے۔

مریم نوازنے کہا پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق 625ارب کا سرپلس پیش کرکے لیڈ لی۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے کہابجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کرسکتا ،بل غریب لوگوں نہیں بلکہ ہر ایک کیلئے مصیبت بن گیا،اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم ،بجلی کا نرخ کنٹرول میں رکھا، 2017تک بجلی کے بل کم اور ڈالر کا نرخ نیچے تھا، 2018 سے نظر لگی ،غریب پس کر رہ گیا،سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آ ﺅتمہیں انصاف دیں،پوچھتا ہوں ملک کےساتھ ظلم کرنے کی ضرورت کیا ہے،آئی ایم ایف کو واپس بھیج دیا تھا بعدمیں کون لایا؟ سب کو پتہ ہے۔

نوازشریف نے کہا ملک کےساتھ اچھا سلوک نہیں کیاجا رہا، ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا،فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہوگا، عوام کی پرواہ کریں، ریلیف کےلئے جو بھی کرنا پڑتا ہے کریں

دریں اثنا وزیرا علیٰ مریم نوازنے محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات پر اپنی ٹیم کو سراہا اور”ویری گڈ اینڈ ویل ڈن“کہا ،مریم نوازسے وزرا،کیبنٹ کمیٹی برائے لا اینڈآرڈر، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز،ڈی پی اوزسے ویڈیو لنک میٹنگ ہوئی ،آئی جی،ہوم سیکرٹری و دیگر افسر بھی میں شامل تھے۔

وزیراعلیٰ نے محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کی تعریف کی ،عزاداروں کےلئے ”سبیل آن ویل“کو سراہا،پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر نیاز کی فراہمی کو قابل تحسین قرار دیا۔

مریم نوازنے باری باری سب کا نام لیکر شاباش دی اورگفتگو کرتے ہوئے قائد نوازشریف کی جانب سے بھی سب کو مبارکباد ،شاباش پیش کرتی ہوں، میری ٹیم نے عمدہ انتظامات کرکے میرا سر فخر سے بلند کیا، وزراءنے یوم عاشور سے پہلے خود جاکر علما کرام سے ملاقات کی، ہدایات پر من و عن عملدرآمد کرکے امن و امان کو یقینی بنایا گیا،ہر مکتبہ فکر کے علماکو ملاقات کرکے اعتماد میں لیا گیا، وزرائ، افسر،پولیس دن رات فیلڈ میں موجود، بڑے جلوسوں کی ڈرون کے ذریعے مانیٹرنگ سود مند رہی، شیخوپورہ میں واقعہ کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا، موبائل فون ،انٹرنیٹ سروسز بند کیے بغیر سکیورٹی انتظامات بہت بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاپنجاب بھر میں ٹریفک کا انتظام تسلی بخش رہا،پولیس و دیگر اداروں کے درمیان اشتراک کار کا بہترین مظاہر ہ دیکھنے کو ملا، سبیلوں پر لمبی لائنوں کے باوجود مثالی نظم وضبط تھا، لوگ صبر سے اپنی باری کا انتظار کرتے رہے،جلوس کے خاتمے پر روٹس کی برق رفتاری سے صفائی مستحسن عمل ہے،تمام اضلاع میں انتظامیہ ،پولیس نے دلچسپی لیکر کام کیا اور چیلنج کو پورا کیا،ہر ٹاسک میں کامیابی ٹیم کی کاوشوں کی مرہون منت ہے،پولیس کی حفاظت کےلئے تمام تر میسر وسائل فراہم کریں گے، کسی سکیورٹی اہلکارکی شہادت کی خبر دل پر بھاری گزرتی ہے،آنےوالے دنوں میں لاءاینڈ آرڈر کی بہتری کےلئے فول پروف انتظامات کریں گے، ایران ،عراق جانےوالے زائرین کو ممکنہ سہولت فراہم کریں گے۔