پاکستانی طلبہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے معاشی انقلاب لا سکتے ہیں:رانا سکندر حیات

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے یونیورسٹی آف ساتھ ایشیا کے شعبہ آرٹ اینڈ فیشن کے زیر اہتمام تھیسز نمائش کا افتتاح کیا۔ الحمرا آرٹ گیلری میں منعقدہ اس نمائش میں 33 سے زائد طلبہ و طالبات نے فیشن، انٹیریئر اور ٹیکسٹائل ڈیزائن کی تھیم پر مبنی اپنے اپنے پراجیکٹس ڈسپلے کئے اور وزیر تعلیم کو ان پر مفصل بریفنگ دی۔ رانا سکندر حیات نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساتھ ایشیا میاں عمران مسعود، وائس چیئر پرسن یو ایس اے حنا صادق، ہیڈ آف شعبہ فیشن ڈیزائن اینڈ ٹیکسٹائل صائمہ وسیم اور رجسٹرار محمد امیر کے ہمراہ مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور شرکا کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے کام کی تعریف کی۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ طلبا کی کاوشوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دیگر ممالک بھی پاکستانی طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں کے قائل ہو کر ان سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ آج کے نوجوان میں وطن کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے کا جذبہ موجود ہے۔ انہیں صلاحیتیں بروئے کار لانے کا موقع دیا جائے تو نہ صرف وہ معاشی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں بلکہ ان کی کاوشوں کی بنیاد پر عالمی سطح پر ان کی ڈیمانڈ بھی بڑھ سکتی ہے۔ وزیر تعلیم نے یونیورسٹی کی طالبات کے پراجیکٹس کی بالخصوص تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ خواتین ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ معاشی ترقی میں بھی ان کا اہم کردار ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز خواتین کو خودمختار بنانے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو مزید محنت کی تلقین کرتے ہوئے پراجیکٹس پر ان کی خوب حوصلہ افزائی بھی کی۔