آستانہ :(مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم خطے کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کےلئے اہم کردار ادا کررہی ہے، چیلنجز مشترکہ ہیں، ترقی و خوشحالی کےلئے ملکر کام کرنا ہے، ایس سی او ترقیاتی منصوبوں کےلئے متبادل فنڈنگ کا طریقہ کار وضع کرے، افغانستان میں پائیدار امن مشترکہ ہدف ہے، افغانستان دہشت گردی کےخلاف موثر اقدامات کرے تاکہ کابل کی سر زمین کسی دوسرے ملک کےخلاف استعمال نہ ہو، ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی جائے، غزہ میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، ایس سی او فلسطین کی صورتحال پر آواز اٹھائے، پاکستان ایس سی او کو متحرک تنظیم بنانے و اہداف کے حصول میں اپنا بھرپور کردار ادا کرےگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ آستانہ خوبصورت شہر ہے، بہترین مہمانداری پرشکرگزار ہیں، ایک سال سے ایس سی او کی چیئر کی حیثیت سے قازقستان نے بہترین کردار ادا کیا، آئندہ سال کیلئے صدر شی جن پنگ کو ایس سی او کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، خطے کے روشن مستقبل کےلئے جغرافیائی سیاسی محاذآرائی سے خود کوآزاد کرنا ہوگا، موثر ٹرانسپورٹ کوریڈورز و قابل اعتماد سپلائی چین کے ذریعے خطے میں رابطے کو بڑھانا چاہئے، پاکستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے تجارت کی اہم گزرگاہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے ایس سی او کے علاقائی رابطے ویژن کے تحت ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کی جانب گامزن ہےں، ایس سی او ترقیاتی منصوبوں کےلئے متبادل فنڈنگ کا طریقہ کار وضع کرے، ماحولیات کے تحفظ کےلئے ایس سی او کا اقدام لائق تحسین ہے، امن و سلامتی کا قیام، معاشی ترقی، غربت کا خاتمہ اور ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کےلئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ بیلاروس کو ایس سی او میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، غربت کے خاتمے کےلئے کام کرنا ہوگا، پاکستان افغانستان میں امن کاخواہاں ہے، عبوری حکومت کےساتھ بامعنی طور پر بات چیت کرنا ہوگی تاکہ عوامی مسائل حل ہوں۔
شہبازشریف نے کہا کہ افغانستان دہشت گردی کےخلاف موثر اقدامات کرے تاکہ کابل کی سرزمین کسی دوسرے ملک کےخلاف استعمال نہ ہو، ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی جائے،پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی چاہے وہ ریاستی دہشت گردی ہو یا کسی تنظیم یا فرد کی طرف سے ہو، بھرپور مذمت کرتا ہے، دہشت گردی، انتہاپسندی کےخلاف مشترکہ و جامع اقدامات کی ضرورت ہے، بے گنا ہ افراد کی جانیں لینے کاکوئی جواز ہے نہ ہی دہشت گردی کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کےلئے ڈھال بنانا چاہئے، پاکستان تعصب و امتیار پر مبنی تقسیم کی پالیسیوں، نسلی و مذہبی بنیاد پر نفرت کو ہوادینے کا مخالف ہے۔
وزیراعظم نے کہاخودمختاری، علاقائی سالمیت اور لوگوں کے بنیادی حق خودارادیت کے عالمی طورپر تسلیم شدہ اصولوں کے احترام کی ضرورت ہے، اسلامو فوبیا کے خاتمے کےلئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے، اسلاموفوبیا، لسانیت کےخلاف آواز بلند کرنا ہوگی، سلامتی کونسل دیرینہ تنازعات کے حل کےلئے قابل عمل فریم ورک موجود ہے، قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، غزہ میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، ایس سی او فلسطین کی صورتحال پر آواز اٹھائے، اسرائیلی بربریت کی کارروائیوں کی مذمت اور فوری جنگ بندی ہونی چاہیے، عالمی برادری اسرائیلی کو جوابدہ بنائے اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیادوں پر دو ریاستی حل کا حامی ہے جس کے تحت فلسطینی ریاست کا قیام اوردارالحکومت القدس ہو، پاکستان رواں سال اکتوبر میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی کےلئے پر عزم ہے، ایس سی او رکن ممالک کےساتھ تعاون پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کی مدت کے دوران انسداد دہشت گردی، تنازعات کے حل اور کثیر الجہتی اہداف کے حصول پر عمل کریگا، علاقائی و عالمی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے موثر کثیرالجہتی ہے، دھمکیوں یا طاقت کے یکطرفہ و غیر قانونی استعمال کی مخالفت، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور دیرینہ و جاری تنازعات کے منصفانہ وپرامن حل کےلئے رکن ممالک کےساتھ شراکت میں ایس سی او کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کےلئے پرعزم ہےں، پیچیدہ عالمی و علاقائی چیلنجوں سے اقوام متحدہ فریم ورک کے اندر موثر کثیرالجہتی کے ذریعے بہترین طریقے سے نمٹا جا سکتا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر روشنی ڈالتے ہوئے شہبازشریف نے پاکستان میں 2022 کے سیلاب کا ذکر کیا جس سے جانوں و املاک کا بھاری نقصان ہوا حالانکہ کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کمزور ممالک کو فراخدلانہ مالی و تکنیکی امداد ادوبارہ تعمیر، موافقت اور لچک حاصل کرنے کے قابل بنائیگی، بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے کو مزید موثر، جامع اور مساوی بنانے کےلئے بنیادی اصلاحات کی جائیں، پاکستان خود مختاری و عدم مداخلت کے اصولوں کا احترام کرتے ہوئے مساوی اور پرامن عالمی نظام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کےلئے کثیر الجہتی اداروں کو مضبوط کرنے کےساتھ عالمی تعاون بڑھاتا رہیگا۔
دریں اثنا شنگھائی تعاون تنظیم نے معیشت و سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فیصلوں کی منظوری دے دی، ماحولیاتی تحفظ کے معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے 3 اور 4 جولائی کو آستانہ ، قازقستان میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ (سی ایچ ایس) کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔
مزید برآں آستانہ میں ایس سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف سے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے ملاقات کی، سیاسی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون و علاقائی مسائل سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے بیلاروس کی شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت پر صدر لوکاشینکو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تنظیم مزید مضبوط ہوگی، دونوں رہنماوں نے گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان، بیلاروس تعلقات کے تمام پہلووں میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی فائدہ مند تعاون و اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
خیبر پختونخوا میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ کا نام تبدیل، اسٹیبلشمنٹ مقرر
خواتین ڈاکٹرز ملک کے نظام صحت کا قیمتی سرمایہ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
پاکستان میں شعبہ ماہی گیری کی ترقی و سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافہ
پاک، بھارت میچز میں کھلاڑیوں کا نامناسب رویہ، ہربھجن سنگھ کا آئی سی سی اور بورڈز سے مداخلت کا مطالبہ
بھارتی اداکارہ شردھا کپور 8 کلو وزنی گھنگھرو پہن کر ڈانس کرنے سے زخمی
بلاول کا مولانا فضل الرحمن سے رابطہ، رہائشگاہ کے پولیس محاصرے پر اظہار یکجہتی
چینی اور پاکستانی خلابازوں کی مشترکہ مہم دیرینہ اور گہری دوستی کی نمایاں مثال ہے: صدر شی جن پنگ
عسکری قیادت کی پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد
ٹرمپ انتظامیہ کا جنگ ختم کرنے کیلئے سخت گیر ایرانی رہنماوں کو قتل کرنے پر غور
وزیراعظم شہباز شریف کی این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کا عمل تیز کرنیکی ہدایت


















