صدارتی الیکشن سے پہلے جوبائیڈن کو عدالت کی جانب سے جھٹکا
واشنگٹن (مشرق نیوز) صدارتی الیکشن سے پہلے جوبائیڈن کو عدالت کی جانب سے جھٹکا لگا ہے، امریکی ریاستوں کینساس اور میزوری میں وفاقی عدالتوں کے دو ججوں نے طلبہ کے قرض کی ادائیگی سے متعلق صدر جو بائیڈن کے منصوبہ کو جزوی طور پر روک دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر جو بائیڈن نے پچھلے سال منصوبہ جاری کیا تھا جس کے تحت قرض لینے والے طلبہ ماہانہ ادائیگی میں کمی کے حقدار تھے اور قرض معافی کیلئے بھی تیز راہ اپنا سکتے تھے۔ اب ان دونوں ری پبلکن ریاستوں کی جانب سے دائر مقدمات میں موقف اپنایا گیا تھا کہ صدر نے سیومنصوبہ کا آغاز کرکے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا جس پر دونوں وفاقی ججوں نے ابتدائی طور پر جزوی احکامات جاری کردئیے۔ سیو پروگرام کے دو حصے اس وقت تک معطل رہیں گے جب تک کہ ان پر قانونی چارہ جوئی کا عمل پوری طرح مکمل نہیں کرلیا جاتا۔واضح رہے کہ 80 لاکھ افراد نے سکیم میں رجسٹریشن کرائی تھی اور ساڑھے 4 ملین کیلئے ماہانہ ادائیگی صفر کردی گئی تھی۔اس طرح 4 لاکھ 14 ہزار طلبہ کے 5.5 ارب ڈالر معاف کئے جاچکے ہیں، تاہم دس سال تک ادائیگی کرنیوالے طلبہ کیلئے اب مزید ایسا نہیں کیا جاسکے گا، توقع تھی کہ جولائی میں لاکھوں افراد کی قرض ادائیگی قسط کم ہوجائے گی تاہم اب واضح نہیں کہ ایسا ہوسکے گا یا نہیں۔
















