روسی اور امریکی صدورمیں لفظی جنگ چھڑ گئی

واشنگٹن، ماسکو (مشرق نیوز) چند روز قبل یوکرین کو روس میں امریکی ہتھیاروں کے استعمال کی اجازت دینے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے دارالحکومت ماسکو یا کریملن پر ایک مرتبہ پھر کڑی تنقید کی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی صدر پیوٹن کے بیانات، کہ روسی سرزمین پر حملے کرنے کیلئے یوکرین کو اعلیٰ درستی والے ہتھیار فراہم کرنا اس جنگ میں براہ راست شرکت ہے، کے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر بائیڈن نے جواب دیا کہ پیوٹن بدتمیز اور ڈکٹیٹر ہے۔بائیڈن نے انٹرویو میں مزید کہا کہ میں پیوٹن کو 40 سال سے زیادہ عرصے سے جانتا ہوں، وہ 40 سال سے میرے لئے پریشان کن ہے، وہ ایک آمر ہے۔ وہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے جدوجہد کر رہا ہے کہ جب تک جنگ جاری رہے تو وہ اپنے ملک کو ساتھ رکھے۔ادھرکریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے امریکی صدر جو بائیڈن کے روسی صدر پیوٹن کیخلاف جارحانہ بیانات پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے الفاظ صرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ دمتری پیسکوف نے مزید کہا کہ پیوٹن بدتمیزی کا جواب نہیں دیتے ہیں۔ پیسکوف نے العربیہ اور الحدث کو اپنے بیانات میں مزید کہا کہ پیوٹن اس قسم کی گستاخی کا جواب نہیں دیتے اور وہ ایسا نہیں کریں گے۔