سیالکوٹ :(بیورورپورٹ)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے پسرور کیڈٹ کالج کو بہترین تعلیمی درسگاہ بنایا جائے گا، زیر تعلیم کیڈٹس کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار اور شخصیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ ناصرف وہ عملی زندگی میں کامیاب ہوں بلکہ معاشرے کے مفید شہری بنے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پسرور کیڈٹ کالج کی 17 ویں ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی کمشنر ذوالقرنین، پرنسپل کرنل ریٹائرڈ جاوید علیم، لیفٹیننٹ کرنل عدنان، اسسٹنٹ کمشنر پسرور قمر منج اور اسسٹنٹ پروفیسر عذرا اکرم بھی موجود تھی۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ 159 ایکڑ رقبہ پر محیط پسرور کیڈٹ کالج تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہا ہے،کیڈٹ کالج میں زیر تعلیم بچوں کو آئی ٹی، سپورٹس، جم سمیت میس کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ،کالج میں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا تاکہ نظم و ضبط انکی زندگی کا حصہ بن سکے، اساتذہ کی کیپسٹی بلڈنگ کے لئے کورسسز کروائے جائیں گے، انہوں نے کہا کیڈٹ کالج پسرور میں ایسا ماحول بنایا جائے گا جس میں کیڈٹس کی ذہنی و جسمانی نشوونما کو فروغ حاصل ہو۔
پسرور کیڈٹ کالج کو بہترین تعلیمی درسگاہ بنایا جائے گا: نوید حیدر

















