اسلام آباد (بیورورپورٹ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا معطل کرتے ہوئے بری کر دیا،ہائی کورٹ میں سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر سماعت ہوئی، سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا،سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیئے اس متعلق کوئی دستاویز نہیں کہ اعظم خان نے سائفر بانی پی ٹی آئی کو دیا، اگر سائفر گم ہوگیا تو پھر سائفر پاس رکھنے کا چارج کیسے لگ سکتا ہے؟،بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا میری استدعا ہے ملزمان کو ڈسچارج کیا جائے، عدالت میں کسی مخصوص ملک کا نہیں بتایا گیا جس کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے،چیف جسٹس نے کہا گزشتہ سماعت پر پراسیکیوشن کی جانب سے کہا گیا تھا کیس کو ٹرائل کورٹ واپس بھیج دیں اس میں خامیاں ہیں جس پر سلمان صفدر نے جواب دیا ہمیں کیس میں 3 ماہ ہو گئے ہیں ہم بہت آگے نکل گئے ہیں، تیسری دفعہ کیس ریمانڈ بیک کرنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی،عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر سے کہا آپ محض یہ کہہ رہے ہیں تعلقات خراب ہو سکتے تھے ، کیا صرف اس پر کسی کو سزائے موت دے سکتے ہیں یا دس سال جیل میں رکھ سکتے ہیں کہ تعلقات خراب ہو سکتے تھے، قانون کی منشا یہ نہیں ، بانی پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر سائفر کاپی اپنے پاس رکھی اس سے متعلق بتائیں،سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا گواہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو بار بار کہا گیا سائفر کاپی کےساتھ یہ نہ کریں ، 342 کے بیان میں بانی پی ٹی آئی خود مان رہے ہیں،عدالت نے کہا اگر وہ کہہ رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں جان بوجھ کر کہہ رہے ہیں ، آپ نے ثابت کرنا ہے، سپریم کورٹ کا قانون واضح ہے جہاں ملزم تسلیم بھی کر لے تو پراسیکیوشن نے ثابت کرنا ہے ، اگر آپ ٹرائل کورٹ کو کاپی دکھا دیتے تو پھر پراسیکیوشن کا کیس بن سکتا تھا، جہاں اعظم خان کہہ رہے ہیں وزیر اعظم نے مجھے کہا ملٹری سیکرٹری اور سٹاف کو کہو کہ وہ ڈھونڈیں ، تو پھر جان بوجھ کر اپنے پاس رکھنے والی بات تو بھول جائیں،عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر سے استفسار کیا سٹیٹ سکیورٹی کیسے خطرے میں پڑی؟ اس حوالے سے بتائیں، اگر بانی پی ٹی آئی نے سائفر گم کر دیا تو اس کے اثرات کیا ہوئے؟ جب ہم میں سے کوئی نہیں جانتا کہ اس کے اثرات کیا ہوئے تو پھر کیا ہو گا؟،عدالت نے استفسار کیا شہادت میں کہاں لکھا ہوا ہے کہ قانون میں تھا سائفر کی کاپی واپس کرنا تھی، ریکارڈ پر ایسا کچھ نہیں کہ بانی پی ٹی آئی اثرات سے آگاہ تھے، آپ کی جو رولز بک ہے اس تک مخصوص لوگ ہی رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جرم آپ نے پورا ثابت کرنا ہوتا ہے، جلدی میں نا کراتے اور آرام آرام سے کرا لیتے تو یہ سب کچھ ٹھیک ہو جاتا،چیف جسٹس نے کہا کیا دنیا میں کوئی جسٹیفائی کر سکتا ہے کہ دوپہر کو 342 کا بیان مکمل ہوتا ہے اور 77 صفحے کا فیصلہ آجاتا ہے، آپ بھی کہہ سکتے تھے آپ نے بھی غیر معمولی جلدی تیزی دکھائی،جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس کی سماعت کرنے والا بنچ اٹھ کر چیمبر چلا گیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا ہم 10، 15 منٹ میں واپس آ رہے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے ہم لکھیں گے یہ آئیڈیل ٹرائل تھا اس سے بہتر ٹرائل ہو ہی نہیں سکتا، ساڑھے 3 ماہ کیس سن سن کر اب تو میرے سٹاف کو بھی یاد ہو چکا ہوگا،بعد ازاں عدالت نے سائفر کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا، جس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے کیس سے بری کردیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کے حوالے سے مختصر تحریری فیصلہ جاری کردیا جس میں 30 جنوری کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا گیا ہے، تحریری فیصلے میں عدالت نے لکھا تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 15 اگست کی ایف آئی آر کے الزامات سے بری کیا جاتا ہے،عدالت نے تحریری حکم نامے میں لکھا بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کسی دوسرے مقدمے میں گرفتار نہیں تو رہا کردیا جائے قبل ازیں عدالت نے آزادی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے 2 مقدمات میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پی ٹی آئی قیادت کےخلاف آزادی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج مقدمات کی سماعت ہوئی،علی محمد خان اور اسد عمر اپنے وکلاءنعیم حیدر پنجوتھا، سردار مصروف ایڈووکیٹ اور آمنہ علی ایڈووکیٹ کےساتھ عدالت میں پیش ہوئے،جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا اور عمران خان، شاہ محمود قریشی سمیت اسد عمر ،علی خان، مراد سعید کو بھی مقدمات سے بری کر دیا دریں اثناءاسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ کےخلاف نکاح کیس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکاکی عدالت کو ٹرانسفرکردیا ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے ایک ناحق اور بے بنیاد کیس کا خاتمہ ہوگیا ہ،عوام نے دیکھا انصاف کا علم بلند ہوا ہے، ماہر قانون جہانگیر جدون نے کہا جن لوگوں نے کیس بنایا ان کےلئے بہت بڑا دھچکا ہے، ہائی کورٹ نے میرٹ پر فیصلہ سنایا، جن چیف جسٹس کو پی ٹی آئی والے برا کہتے تھے آج وہ انہی کے فیصلے پر خوشیاں منا رہے ہیں، کیس میں بانی پی ٹی آئی کی سزا ختم ہوگئی اب قیدی نہیں رہیں گے،رہنما تحریک انصاف علی ظفر نے کہا جب بے بنیاد اور جلدی میں کیسز بنائیں گے تو سارے کیسز کا یہی حشر ہوگا، پوری قوم فیصلے کا شدت سے انتظار کر رہی تھی، خوشی کی بات ہے انصاف کی جیت ہوئی ہے،ہمیں خوشی منانی چاہیے، ہماری آزاد عدلیہ نے درست فیصلہ کیا ہے جبکہ قانونی امور کیلئے حکومتی ترجمان بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے سائفر ایک حقیقت ہے اس کوجھٹلایا نہیں جاسکتا، عدالتوں کو ادراک ہونا چاہیے تھا حساس معاملہ ہے،نیشنل سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا،اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سائفر کیس کا فیصلہ آنے کے بعد قانونی امور کیلئے حکومتی ترجمان بیرسٹرعقیل ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سائفراپیلوں کا تفصیلی فیصلہ آئےگاتودیکھاجائےگا،سائفرایک حقیقت ہے اس کوجھٹلایا نہیں جاسکتا،اس کوسیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جلسے میں لہرایاگیا،حکومتی ترجمان نے کہا نیشنل سکیورٹی ڈاکومنٹس کولہراکرسیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا،سائفرکی ایک کاپی گم ہے پرنسپل سیکرٹری نے اس حوالے سے بیان ریکارڈ کرایا، قومی سلامتی کے معاملے پرسیاست کی گئی جوقابل مذمت اقدام تھا،کوئی ملک اپنی نیشنل سکیورٹی پرکھیلنے کی اجازت نہیں دیتا، پراسکیوشن فیصلہ پڑھنے کے بعد اپیل میں جانے یانہ جانے کا فیصلہ کیاجائےگا، قانونی امور نے کہا یورپ امریکہ اپنی قومی سلامتی پرسمجھوتہ نہیں کرتے، اگر ایسا سمجھوتہ کیا گیا تو ایک پنڈورہ باکس کھلے گا،افواج پاکستان اورحکومت پاکستان نیشنل سکیورٹی کا پہرہ دےگی، فیصلے کے بعد کوئی بھی سیاسی لیڈرقومی سلامتی پرکھیل سکے گا، اب فیصلہ آچکا ہے اگر قانونی سقم ہوا تو پراسیکیوشن فیصلہ کرے گی، عدالتوں کوادراک ہونا چاہیے،جس طرح فیصلے آرہے ہیں عوام دیکھ رہے ہیں۔
سائفر کیس:عمران،قریشی بری ،عدت نکاح مقدمہ دوسری عدالت منتقل
















