ابراہیم رئیسی کی وفات حادثہ یاسازش؟ترک میڈیا نے کئی سوالات اٹھادئیے

انقرہ،تہران: (مشرق نیوز)رئیسی کی وفات حادثہ یاسازش؟ترک میڈیا نے کئی سوالات اٹھادئیے،ترک میڈیا نے سوال اٹھایا حکومتی سربراہ کیلئے 4 دہائیوں پرانا ہیلی کاپٹر کیوں استعمال میں لایا گیا؟، امریکی ساختہ ہیلی کاپٹر ایرانی صدر کے استعمال میں کیسے آیا؟، کانوائے میں شامل 3 ہیلی کاپٹروں پر سوار مسافروں کی ترتیب کیوں بدل دی گئی؟۔

ایرانی صدر ماضی میں تبریز کے دوروں کیلئے روسی ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے، اب امریکی کیوں کرنا پڑا؟ ماضی میں پاسداران انقلاب سے پائلٹ رہا اب فوج سے کیوں لیا گیا؟، ٹریکنگ سسٹم کے باوجود جائے حادثہ کا فوری تعین کیوں نہ ہوسکا؟۔

ترک میڈیا نے مزید سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہیلی کاپٹر سگنل کے فعال یا خراب ہونے کا کیوں نہ نوٹ ہوا؟ دورہ شیڈول کے مطابق وزیر خارجہ اور گورنر تبریز نے 2 نمبر ہیلی کاپٹر میں سوار ہونا تھا مگرکیوں نہ ہوئے؟۔

دوسری جانب ہیلی کاپٹر حادثے کی تفصیلات سامنے آگئیں،حادثہ پیش آنے کے بعد ایک گھنٹے تک ہیلی کاپٹر انچارج زندہ رہے دیگر حکام موقع پر ہی دم توڑ گئے، سیف لینڈنگ کرنےوالے ہیلی کاپٹر میں موجود ایرانی اہلکار غلام حسین اسماعیلی نے کہا ہیلی کاپٹروں نے 19 مئی کو دوپہر ایک بجے کے قریب آذربائیجان سے ٹیک آف کیا،موسم بالکل ٹھیک تھا،صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کا پائلٹ قافلے کا انچارج تھے، اڑان بھرنے کے 45 منٹ بعد دیگر ہیلی کاپٹرز کے پائلٹس کو احکامات دئیے قریب موجود بادل سے بچنے کےلئے اپنے ہیلی کاپٹروں کو مزید بلندی پر لے جائیں تاہم صدر کا ہیلی کاپٹر جو 2دیگر ہیلی کاپٹروں کے درمیان تھا، اچانک غائب ہو گیا۔

ایرانی اہلکار نے کہابادلوں کے اوپر سے اڑان بھرنے کے 30 سیکنڈ کے بعد پائلٹ نے دیکھا درمیان میں موجود ہیلی کاپٹر غائب ہو گیا ، پائلٹ نے صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کےلئے چکر لگانے شروع کیے،ریڈیو ڈیوائسز کے ذریعے رابطہ کرنے کی کئی کوششوں کے باوجود ہیلی کاپٹر نہیں ملا، گھنے بادلوں کی وجہ سے پائلٹ پرواز کو نیچے نہیں لا سکتا تھا جس کی وجہ سے پائلٹ نے پرواز جاری رکھی اور قریبی تانبے کی کان پر اتار لیا گیا،وزیر خارجہ امیرعبداللہیان اور صدر کے پروٹیکشن یونٹ کے سربراہ کو کئی بار رابطہ کیا لیکن جواب نہیں ملا۔

غلام حسین اسماعیلی نے کہا دیگر ہیلی کاپٹروں کے پائلٹس نے صدر کے ہیلی کاپٹر کے انچارج کیپٹن مصطفوی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن جنہوں نے فون اٹھایا وہ تبریز میں نماز جمعہ کے امام علی آل ہاشم تھے، انہوں نے تصدیق کی صدر کا ہیلی کاپٹر وادی میں حادثے کا شکار ہوگیا ،جائے حادثہ پر پہنچے تو ابراہیم رئیسی و دیگر حکام موقع پر ہی جاں بحق ہوچکے تھے لیکن علی آل ہاشم کی موت حادثے کے کچھ گھنٹے بعد ہوئی۔