عدالتی اصلاحات کی ضرورت، سیاستدانوں کو ہاتھ ملانا پڑے گا: بلاول بھٹو

لاہور :(سٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے عدالتی اصلاحات کیلئے آئینی ترمیم لانے کی ضرورت ہے، مسائل کے حل کےلئے سیاستدانوں کو ایک دوسرے سے ہاتھ ملانا پڑیگا۔

لاہور میں ”بھٹو ریفرنس اور تاریخ“ کے عنوان پرمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ملک میں نفرت کی سیاست عروج پر ہے، اختلاف رائے کے حترام کی گنجائش نہیں رہی، سیاست کو سیاست نہیں رہنے دیا گیا، ذاتی دشمنی میں بدل دیا گیا، عوام مہنگائی ، بیروزگاری، غربت سے پریشان ہیں، نفرت و گالم گلوچ کی بجائے بات چیت کی ضرورت ہے، سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملائیں گے تو مسائل حل نہیں ہوں گے، گالم گلوچ و الزام تراشی کی بجائے پاکستان کا سوچیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا آصف زرداری نے تمام سیاستدانوں کو مفاہمت کا پیغام بھیجا، کچھ سیاستدان ملکی مفاد میں بھی مفاہمت پر یقین نہیں رکھتے، صدر زرداری کے مفاہمتی پیغام پر نامناسب ردعمل دیا گیا، پیپلز پارٹی کے پاس عوامی مسائل کا حل موجود ہے، پی پی کے 10 نکاتی ایجنڈے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، پاکستان کے کسان سراپا احتجاج ہیں، کسان کارڈ چاروں صوبوں میں ہوتا تو شاید کسانوں کا اتنا بڑا مسئلہ پیدا نہ ہوتا، حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں مثبت کردارادا کرنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی کا مثبت کردار ہی تمام مسائل کا حل ہے۔

بلاول بھٹو نے کہابھٹو ریفرنس پر تاریخی عدالتی فیصلہ آیا، ثابت ہوا شہید بھٹو کےساتھ ناانصافی ہوئی، آصف زرداری پہلی بار صدر بنے تو ریفرنس عدلیہ کو بھیجا، آصف زرداری دوسری بار صدر بنے تو بھٹو ریفرنس پر فیصلہ آیا،سپریم کورٹ نے تسلیم کیا بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا، عوام کو یقین ہونا چاہئے دوبارہ عدالتی قتل نہیں ہوگا، عدالت مانتی ہے غلطی ہو سکتی ہے تو پھر عدالتی اصلاحات ضرور ہونی چاہئیں، عدالتی اصلاحات کیلئے آئینی ترمیم لانے کی ضرورت ہے، ریفارمز لائیں تاکہ آئندہ بھٹو کے عدالتی قتل جیسے فیصلے دوبارہ نہ ہوں۔ اگر عدالتی اصلاحات نہیں کرتے تو زیادتی ہوگی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے نظام میں جمہوری طریقے سے بہتری لےکر آئے، پارلیمان قانون سازی و ترامیم کیلئے اہم ادارہ ہے، نظام درست کرنے کیلئے جو کچھ کر سکے کریں گے، چارٹر آف ڈیمو کریسی میں جوڈیشل ریفارمز بھی شامل تھیں، جوڈیشل ریفارمز کی کوشش نہیں کی گئی، کوشش ہوگی جوڈیشل ریفارمز کے سفر کو مکمل کریں، ججوں کی تعیناتی کا طریقہ کار بھی بدلنا ہوگا، پیپلز پارٹی عدالتی اصلاحات کا سفر مکمل کریگی، بات چیت کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں۔