بلغراد (شِنہوا) چین اور سربیا نے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک برادری کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس سے 8 برس قبل قائم ہونے والی جامع سٹرٹیجک شراکت داری اپ گریڈ ہوجائیگی۔ اس فیصلے کا اعلان سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں چینی صدر شی جن پنگ اور ان کے سربین ہم منصب الیگزینڈر ووسک کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ اس موقع پر چینی صدر شی نے اس بات پر زور دیا کہ چین۔ سربیا آہنی دوستی بدلتے عالمی منظرنامے کے کسوٹی پر پورا اتری ہے، یہ دوستی گہری تاریخی جڑوں، ٹھوس سیاسی بنیادوں، وسیع مشترکہ مفادات اور مضبوط عوامی حمایت کی علامت ہے۔ شی نے کہا کہ گزشتہ چند برس میں ان کی اور ووسک کی قیادت میں دوطرفہ تعلقات میں تاریخی پیشرفت ہوئی اور 2016ءمیں جامع سٹرٹیجک شراکت داری قائم ہونے کے بعد سے دوطرفہ تعلقات بطور خاص وسیع ہوئے جو دیگر یورپی ممالک کے ساتھ چین کے دوستانہ تعلقات میں ایک مثال بن چکے ہیں۔ چینی صدر نے کہا کہ الفاظ سے زیادہ اہم عمل ہے۔ چین سربیا کے شانہ بشانہ کھڑا رہیگا، ایک ہی کشتی میں سوار مسافروں کی طرح دکھ سکھ میں ساتھ دیگا ، آہنی دوستی کا جذبہ آگے بڑھائے گا، اپنی دوستی برقرار رکھتے ہوئے اسے فروغ دے گا اور مشترکہ طور پر دونوں ممالک کے بنیادی اور طویل مدتی مفادات کا تحفظ کریگا۔ دوسری طرف چینی صدر شی جن پنگ ہنگری کے سرکاری دورے پر بڈاپسٹ پہنچ گئے۔ چینی صدرشی نے ہنگری پہنچنے پر ایک تحریری تقریر کہا کہ چین اور ہنگری اچھے دوست اور باہمی بھروسہ مند شراکت دار ہیں۔ انہوں نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے ہنگری کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہنگری کے صدر تماس سلیوک اور وزیر اعظم وکٹر اوربن کی پرخلوص دعوت پر ہنگری کے خوبصورت ملک کا سرکاری دورہ کرنے پر خوش ہیں۔ انہوں نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ ہنگری اپنی تاریخ اور گہرے ثقافتی ورثے کیلئے مشہور ہے اور ہنگری کے لوگ محنتی ، ذہین ، کھلے ، جامع ، قائدانہ اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ہنگری کی حکومت اور عوام عزم سے آگے بڑھ رہے ہیں اور انہوں نے معاشی اور سماجی ترقی میں متاثر کن پیشرفت کی ہے۔ ایک اچھے دوست اور جامع سٹرٹیجک شراکت دار کی حیثیت سے چینی حکومت اور عوام آپ کی کامیابیوں پر دل سے خوش ہیں۔ ہنگری 1949 میں عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کرنے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے اولین ممالک میں سے ایک تھا۔ 2004ءمیں دونوں ممالک نے دوستانہ اور تعاون پر مبنی شراکت قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ چینی صدر شی نے کہا کہ 2017 میں دوطرفہ تعلقات کو جامع اسٹریٹجک شراکت داری تک بڑھاکر باہمی مفید تعاون بہتر اور تیز کرتے ہوئے روایتی چین، ہنگری دوستی کیلئے عوامی حمایت کو مستحکم کیا گیا۔
چین ،سربیا کا مشترکہ مستقبل پر مبنی برادری قائم کرنے کا فیصلہ ،شی جن پنگ ہنگری پہنچ گئے
















