فیصلہ کن گھڑی،کرپٹ عناصر برداشت نہیں،محنت کریں تو بھارت کے باپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے،وزیراعظم

لاہور:(اپنے رپورٹر سے،سپیشل رپورٹر)وزیر اعظم شہبا ز شریف نے کہا ہے فیصلہ کن گھڑی ہے ، سب کو ملکر ملکی بہتری کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا،پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ،ریونیوکلیکشن سب بڑا چیلنج ہے،جزا ءاور سزا کے عمل سے ہی قومیں عظیم بنتی ہیں،محنت کریں تو بھارت کے باپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے،کرپٹ عناصر برداشت نہیں،بہتر کارکردگی دکھانےوالے افسروں کو انعام دیں گے،محصولات بڑھانے کیلئے ریونیو میں اضافہ کرنا ہوگا،2700ارب کی ریکوری کیلئے قانون بن چکا ،خلوص و میرٹ کو مد نظر رکھ کر سیاہ و سفید کو الگ کریں گے،پاکستان کے ذمہ واجب الاداقرض بڑا چیلنج ہے ،ساری قوم واقف ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے ایف بی آر افسروں کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب میں کیا۔

وفاقی وزراعطاتارڑ،محسن نقوی،علیم خان،مشیر وزیر اعظم رانا مشہود ،چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ سمیت دیگر افسر بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاملکی ترقی و خوشحالی کےلئے افسروں نے انتہائی ایمانداری، بلاخوف اور دیانتداری سے فرض کی ادا کیے ،پوری قوم کو فخر ہے، سالانہ وصولیوں کاہدف 3سے 4گناکرپشن ،فراڈ اور لالچ کی نظر ہورہا ہے، 24 کھرب کرپشن کی نذر ،خزانے میں صرف 9 ارب آرہے ہیں، کرپشن کی وجہ سے قرض کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، ایف بی آر و دیگر اداروں میں میرٹ کو بنیاد بنا کر ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق سفید کو کالے سے علیحدہ کریں گے،کرپٹ عناصر کیلئے کوئی موقع نہیں،پوری قوم کو ایف بی آ ر کے قابل و محنتی افسروں پر فخر ہے۔

شہبازشریف نے کہا ایف بی آر میں ممبر کی تعیناتی میرٹ پر ہوگی ،خراب کارکردگی والے افسروں کو اعلیٰ عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ،بہترین کارکردگی دکھانے والو ں کو سراہا جائے گا اور قابل افسروں کو معقول تنخواہیں دی جائیں گی کیونکہ جزا اور سزا کے عمل سے قومیں عظیم بنتی ہیں،کوئی غلطی دیانتداری سے ہوئی تو ٹھیک کیا جاسکتا ہے، اقوام عالم میں وہ حیثیت نہیں جو پاکستان کی ہونی چاہیے، فیصلہ کن گھڑی آچکی ،سب کو ملکر ملکی بہتری کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا،سب ملکر پاکستان کو کھویا مقام واپس دلائیں گے، سب کچھ ممکن بس محنت کرنی ہے، پاکستان کو حاصل کرنے کیلئے لاکھوں لوگوں نے جانیں قربان کیں ،وعدہ کریں ایمانداری سے پاکستان کی خدمت کریں گے ،محنت کریں توبھارت کے باپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے ،بھرپور کام کریں گے تو بہت آگے جائیں گے، باتوں سے کچھ نہیں ہوگا ،عملی میدان میں اقدامات کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، ملکی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کرنا ہوگا، غلطیاں ہر جگہ سے ہوں گی لیکن ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، خطا کار شخص ہوں لیکن گورننس میں ہمیشہ کوشش کی قوم کی خدمت کروں،ٹریک اینڈ ٹریس جیسے سسٹم لگانا قوم کی خدمت ہے ایسے ملک چلتے ہیں، اپنے گریبانوں میں جھانکنے کی ضرورت ہے،اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ایف بی آر میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے قابل و محنتی افسروں میں شیلڈز تقسیم کیں اور ایوارڈزکا بھی اعلان کیا۔

وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے آن لائن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاسب ملکر ملک کو آگے بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے،خامیوں کی نشاندہی کرلی ،بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں،ملک ٹیکسز سے ہی چلتے ہیں جس ملک کی ریونیوکلیکشن ٹھیک ہوتی ہے وہ ملک اقتصادی طور پر مضبوط ہوتا ہے۔


مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے گندم کی خریداری پر پیش رفت اور بار دانے کے حصول میں کسانوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس طلب کیا،وزیراعظم نے سوال کیا گندم کی خریداری کیلئے کسانوں کو بار دانے کے حصول میں مشکلات کیوں درپیش ہیں؟،کسانوں کو محنت کا معاوضہ بروقت پہنچائیں گے، رواں سال گندم کی بمپر فصل ہوئی ،کسانوں کی محنت کو کسی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا اور معاشی تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کروں گا۔

شہبازشریف نے افسروں کو گندم خریداری اور موقع پر جاکر خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا وفاقی حکومت پاسکو کے تحت 1.8 ملین میٹرک ٹن گندم کی خریدے گی،وزیراعظم نے کسانوں کی سہولت یقینی بنانے اور تحفظات دور کرنے کیلئے وزارت قومی غذائی تحفظ کی کمیٹی قائم کردی،کمیٹی4روز میں کسانوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔