قومی تعلیمی فریم ورک پر تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لائیں گے: خالد مقبول صدیقی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان میں اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) کے نمائندے عبداللہ اے فادیل نے منگل کو وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے بھی شرکت کی۔وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے عبداللہ اے فادیل کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے تعلیمی شعبے میں یونیسیف کی خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کیلئے معیاری تعلیم تک مساوی رسائی پیدا کرنے کیلئے پاکستان کی مدد کرنے میں یونیسیف کے کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کے مسئلے اور تعلیم تک رسائی اور معیار کے وسیع فرق کو ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ڈاکٹر خالد نے کہا کہ وزارت تعلیم ایک قومی تعلیمی فریم ورک بنانے کیلئے ایک جامع منصوبے پر کام کر رہی ہے جس کے تحت وفاق اور صوبے برابر کے سٹیک ہولڈر ہوں گے۔ وزیر نے کہا کہ یہ فریم ورک ایک ماہ کے اندر شروع کر دیا جائیگا اور تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے تمام صوبوں کے ساتھ ڈونر پارٹنرز کو آن بورڈ لیا جائے گا۔ ڈاکٹر خالد نے کہا کہ بنیادی مقصد پاکستان میں سکول سے باہر بچوں کی تعداد میں بڑی حد تک کمی لانا ہے اور یہ صرف ایک قومی، ٹھوس اور مرکوز کوششوں سے ہو سکتا ہے۔سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے کہا کہ بظاہر ناقابل تسخیر نظر آنیوالے اس بحران سے اسی صورت میں نمٹا جا سکتا ہے جب ہم تعلیمی بحران کے حل کو معاشی ترقی کے وسیع بیانئے کا سنگ بنیاد بنا لیں۔ احمد وانی نے کہا کہ وفاقی حکومت قومی تعلیمی فریم ورک کے تحت وسیع تر شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے صوبوں کے پسماندہ علاقوں جیسے کچی آبادیوں کیلئے تعاون کا وعدہ کریگی۔عبداللہ اے فادل نے کہا کہ یونیسیف 1948 سے پاکستان میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسیف پسماندہ اور کمزور آبادیوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان میں تمام بچوں کیلئے معیاری تعلیم تک رسائی بڑھانے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ اس میں سکول کے اندراج، برقرار رکھنے اور سیکھنے کے نتائج کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ جامع اور بچوں کیلئے دوستانہ تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کے اقدامات شامل ہیں۔