تعلیم پر خرچ کرنا ہی بہترین سرمایہ کار ی ہے: خالد مقبول صدیقی ،برطانوی ہائی کمشنر سے درپیش چیلنجز پر گفتگو

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں تعلیم کے شعبے کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ ملاقات میں سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی اور کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل مسٹر جیمز ہیمپسن نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزارت تعلیم ایک ایسے پروگرام پر کام کررہی ہے جس کا مقصد پاکستان میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکول سے باہر بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کا واحد راستہ اسے قومی ایجنڈا بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے اور بے قابو اربانائزیشن کی وجہ سے بڑے شہروں میں کچی آبادیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تعلیمی پالیسی میں ان کچی آبادیوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی کہ کوئی بچہ پیچھے نہ رہ جائے۔ انہوں نے برطانیہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سکول سے باہر بچوں کو ختم کرنے کے مقصد میں مدد فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام سٹیک ہولڈرز خصوصاً عطیہ دہندگان کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانے کی ضرورت ہے تاکہ تمام کوششوں کو منظم اور ہموار کیا جا سکے۔پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان قدیم ترین شراکت دار ہیں اور 1947ءسے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ فاصلاتی تعلیم کے ذریعے برطانیہ کی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبا کو مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر کو یہ بھی بتایا کہ گوگل ایجوکیشن تعلیم تک رسائی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مدد کرنے میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر اور وزیر تعلیم نے صوبوں کو تعلیم کی منتقلی سے درپیش چیلنجز اور مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وزارت تعلیم ایک جامع منصوبہ تیار کر رہی ہے جو ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کریگی اور اسکے علاوہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنیوالے تمام ڈونرز اور این جی اوز سائلو اور کمپارٹمنٹس میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ایک ٹھوس کوشش کی جا رہی ہے کہ ایک پلیٹ فارم پاکستان کے تعلیمی شعبے میں تمام سٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو ہم آہنگ کر سکے۔