بہاولنگر میں طاقتور نے پھینٹا لگوایا اور معافی بھی منگوائی،عمران خان

اسلام آباد ،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے بہاولنگر میںطاقتور نے پھینٹا لگوایا اور معافی بھی منگوائی، سب جنگل کابادشاہ کررہا،سرمایہ کاری نہیں آئے گی ، ملک کا مستقبل خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاقرض لینے سے معیشت اور کرنسی مستحکم نہیں ہو سکتی، ملک میں آئین کی حکمرانی ہے نہ قانون کی اور نہ ہی جمہوریت کی، جنگل کا قانون ہے اور جنگل کے بادشاہ کا قانون بہاولنگر واقعہ سے ثابت ہوگیا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا بہاولنگر میں قانون توڑ کر پولیس کو پھینٹا لگایا گیا، آئی جی اور وائسرائے نے معافی مانگی، طاقتور نے پھینٹا بھی لگوایا ، معافی بھی منگوائی،وائسرائے نے کہا ہمارے بھائی ہیں لیکن ایسا سلوک بھائیوں سے نہیں غلاموں سے کیا جاتا ہے،

عمرا ن خان نے کہابادشاہ چاہتا ہے تو 5 دن میں ہمیں 3 کیسز میں سزا دےدی جاتی ہے، بادشاہ چاہتا ہے تو نواز شریف کے تمام کیسز معاف ہو جاتے ہیں، ڈیڑھ سال میں پاکستانیوں نے دبئی میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی، ملک میں سرمایہ کاری نہ آنے سے قرضے اور غربت بڑھے گی اور تنخواہ دار اور غریب آدمی مارا جائے گا۔