عید کی خوشیوں میں غریبوں کو بھی شریک کریں: شازیہ وٹو

نیویارک: (بیورو رپورٹ) نیویارک کی ممتاز سیاسی و سماجی خاتون رہنما اور فارمیسز کی چیئرپرسن شازیہ وٹو نے کہا ہے عید کی خوشیوں میں غریبوں کو بھی شریک کریں، مستحق افراد کی مدد سے دل کو سکون ملے گا۔

”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ وٹو نے کہا عید کا تہوار غریبوں کو بھی خوشیوں میں شامل کرنے کا نام ہے، مستحقین کی مدد ایسے کریں ایک ہاتھ سے دیں دوسرے ہاتھ کو پتہ نہ چلے، خدمت کرنے سے دلی سکون ملتا ہے،اپنی خوشی میں اس طرح مشغول نہیں ہونا چاہئے کہ اپنے غریب رشتہ داروں اور غریب پڑوسیوں کو بھول جائیں، ہمیں چاہئے انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ یہ ہے مالی مدد کی جائے تاکہ وہ بھی اپنے لئے اور اپنے اہل وعیال کیلئے اچھے لباس و اچھے کھانے کا انتظام کرسکیں۔

شازیہ وٹو نے کہا صدقہ الفطر صاحب حیثیت مسلمانوں پر اسی لئے واجب قرار دیا گیا تاکہ غربا بھی عید کی حقیقی خوشی سے محروم نہ رہیں،میرا کوئی ایجنڈا نہیں، صرف اور صرف خدمت مشن ہے۔ کمیونٹی کیلئے کام کرتی رہی ہوں گی، بے لوث خدمت کاسلسلہ جاری رہیگا۔ شازیہ وٹو نے کہا عوامی فلاح و بہبود کامقصد ہے اور لوگوں میں بھی خدمت کا جذبہ پروان چڑھے اور کوئی پاکستانی بے آسرا نہ رہے، واضح رہے شازیہ وٹو اپنا ڈے کیئر اور شازیہ فارمیسی کی صدر بھی ہیں۔