اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ن لیگ سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا ہے جوڈیشل کونسل ایجنسیوں کے محاسبے کا فورم نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کے خط پر ردعمل دیتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا سمجھنا ہوگا سپریم جوڈیشل کونسل ایجنسیوں نہیں، ججوں کے محاسبے کا فورم ہے،انہوں نے استفسار کیا 5 سال تک جسٹس شوکت صدیقی کے حق میں ایک لفظ تک نہ بولنے والوں کے ضمیر اچانک کیوں جاگ گئے ؟ن لیگی سینیٹر نے کہا 9 مئی کے ملزموں کے تحفظ کے لیے مخصوص جماعت کی سہولت کاری کی جا رہی ہے، دھمکیاں دینے یا دباﺅ ڈالنے والے کرداروں کو سزا دینے کا اختیار خود ججوں کے پاس تھا،خط لکھنے والے ججز کرداروں کا نام لیتے اور عدلیہ پر اثر انداز ہونے کے الزام میں اپنی عدالتوں میں طلب کرتے۔
عرفان صدیقی نے کہاماضی میں یقینی بنایا فیض حمید کی 2 سال کی محنت ضائع نہ ہو اور نواز ،مریم انتخابات سے پہلے جیل سے باہر نہ آسکیں۔
دریں اثنا ن لیگی رہنما سعد رفیق نے 6 ججز کے خط پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا یاد ماضی عذاب ہے یارب، میں اور سلمان رفیق قانون کے مطابق حفاظتی ضمانت کےلئے 2018 میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے،2معزز ججز پر مشتمل بنچ نے ضمانت دینے کی بجائے تمسخر اڑایا، حکم ضمانت نہ دینے کا تھا، تذلیل اضافی کارروائی تھی، سنا ہے اب ضمیر جاگ گئے ، مبارک ہو۔
جوڈیشل کونسل ایجنسیوں نہیں،ججوں کے محاسبے کا فورم ہے: ن لیگ
















