لاہور (مقصود خالد) محکمہ صحت کی سرچ کمیٹی نے پنجاب بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں پرنسپل کے اہم عہدے پر تعیناتیوں کیلئے انٹرویو مکمل کرلئے۔ محکمہ صحت کی سرچ کمیٹی کے ممبران میں وزیر صحت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، وزیر صحت پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت علی جان خان شامل ہیں جبکہ پروفیسر ڈاکٹر عیص محمد، پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان، پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز اور پروفیسر شاہدہ خواجہ بھی سرچ کمیٹی میں شامل ہیں۔ پرنسپل کے اہم عہدوں پر انٹرویو کیلئے 30 سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا۔ 6 ٹیچنگ ہسپتالوں کیلئے امیدوار میدان میں آگئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سینئر افسران کو رد کرکے جونیئر پروفیسرز کو لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج کیلئے پروفیسر عائشہ عارف اور پروفیسر طیبہ وسیم مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ جونیئر ترین پروفیسر بھی اپنی تعیناتی کیلئے سیاسی اثرورسوخ استعمال کررہے ہیں۔ آئندہ چند روز میں تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
ٹیچنگ ہسپتالوں میں پرنسپل کے اہم عہدے پر تعیناتیوں کیلئے انٹرویو مکمل ،جونیئر پروفیسرز کو لگانے کا فیصلہ

















