لاہور (مقصود خالد) وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پنجاب میں کرپٹ عناصر کے خاتمے کےلئے صوبائی وزیر صحت نے صوبے کے ہسپتالوں میں مالی بے ضابطگیوں میں ملوث افراد کو معطل کرکے انکے خلاف پیڈا ایکٹ کے تک کارروائی کا آغاز کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں کرپشن کے خلاف سیکرٹری صحت کے نوٹس کے باوجود انتظامی عہدوں پر فائز افسران ایک بار پھر بچ نکلے۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ایک بار معطل کئے گئے ملازمین کو ”قربانی کا بکرا“ بنا دیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مالی بے ضابطگیوں میں ملوث ملازمین کی پشت پناہی کرنیوالے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ایک بار پھر بچا لیا گیا۔ محکمہ صحت میں اس وقت پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے بے شمار میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کیخلاف انکوائریاں زیرالتوا ہیں۔ سابق وزیر صحت کے دور میں مالی بے ضابطگیوں میں ملوث افسران آج بھی لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں پرکشش سیٹوں پر براجمان ہیں اور محکمہ صحت میں اہم عہدوں پر فائز افسران انکی فائلیں سیدھی کرنے پر لگے ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کی ایک اہم شخصیت نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صوبائی وزیر صحت کو چاہئے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مضبوط کرنے کیلئے پنجاب بھرکے ہسپتالوں میں ایماندار افسران تعینات کریں اور مستحق مریضوں کو سہولیات فراہم کریں تاکہ سسٹم کو بہتر انداز سے چلایا جاسکے۔ اس سے مسلم لیگ (ن) مزید مضبوط ہوگی اور تنقید کرنے والوں کو بھی منہ کی کھانا پڑیگی۔ موجودہ حکومت نے جس طرح دو وزرا صحت تعینات کئے ہیں، اسی طرح دو سیکرٹریوں کی تعیناتی عمل میں لائی جانی چاہئے تاکہ ہسپتالوں کو بہتر طریقے سے چلایا جاسکے۔ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں مالی بے ضابطگیوں کے الزامات پر جناح ہسپتال کے سینئر ٹیکنیشن جاوید سرور کو معطل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے جاوید سرور اس سے پہلے بھی ادویات چوری کے الزامات پر تین بار معطل ہوچکے ہیں جبکہ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے سینئر کلرک خالد محمود کو بھی معطل کرکے انکے خلاف پیدا ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے فارمیسی ٹیکنشن سید عنصرحسیں شاہ، نشتر ہسپتال ملتان کے نائب قاصد راو¿ اکبر، گنگا رام ہسپتال کے فارماسسٹ رضوان حیدر، میاں منشی ہسپتال کے ڈریسر میاں سرور اور سپرنٹنڈنٹ ملک وسیم کو بھی کرپشن کے الزامات پر معطل کردیا گیا ہے۔ واضح ملک وسیم اس سے پہلے گورنمنٹ شاہدرہ ہسپتال سے کرپشن کی بنا پر نکالا گیا تھا، اسکے بعد دو بار میاں منشی ہسپتال سے معطل ہوا۔ تمام معطل ملازمین کیخلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں معطل ملازمین کے ہسپتالوں میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
سرکاری ہسپتالوں میں مالی بے ضابطگیاں، ملوث افراد معطل ، انتظامی عہدوں پر فائز افسران ایک بار پھر بچ نکلے

















