پی آئی سی کی ایمرجنسی کادورہ،مریضوں کو دہلیز پر ادویات ملیں گی،مریم نواز

لاہور:(خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی موجود گی میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور این آر ٹی سی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا،پنجاب کے 18 شہروں میں این آر ٹی سی کی معاونت سے سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لگائے جائیں گے،معاہدے پر دستخط ہوگئے، سمارٹ سیف سٹی اتھارٹی کی طرف سے ایم ڈی احسن یونس اور این آر ٹی سی کے نمائندے سید عامر جاوید نے دستخط کیے۔

مریم نوازکو بریفنگ میں بتایا گیا 18شہروں میں ائیر کوالٹی انڈکس مانیٹرنگ انوائرمنٹ سینسر بھی لگائے جائیں گے،گجرات، جہلم، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور ٹیکسلا میں سیف سٹی پراجیکٹ مئی کے آخر فنکشنل ہوں گے، ملتان، بہاولپور ،سرگودھا، رحیم یارخان،مظفرگڑھ،ساہیوال،جھنگ،ا ٹک، حسن ابدال،ڈی جی خان، سیالکوٹ، مری، اوکاڑہ، میانوالی سیف سٹی اسی سال مکمل ہوں گے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہیلتھ پراجیکٹ پر 3گھنٹے طویل اجلاس میں ہیلتھ ریفارمز ودیگر اقدامات کاجائزہ اورنوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا ڈی ایچ کیو سے متصل اراضی پر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی لاہور میں کینسر ہسپتال کا پہلا فیز اسی سال مکمل کرنے اور 2سال میں کینسر ہسپتال کے پراجیکٹ کو مکمل کیا جائے۔

سیکرٹری صحت نے ہسپتال، ادویات و دیگر امور پربریفنگ دیتے ہوئے کہا”صحت کی دستک آپ کی دہلیز پر“کے تحت فیلڈ ہسپتالو ں کے ذریعے 15لاکھ او رکلینک آن ویل کے ذریعے 40لاکھ شہریو ں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی،مریم نوازنے تمام دیہی وبنیادی مراکز صحت کی تعمیر و مرمت و اپ گریڈیشن کرنے کی ہدایت کردی، صوبے بھر میں 2500بی ایچ یو اور300آر ایچ سی کی اسی سال اپ گریڈیشن کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا پنجاب کے پہلے بڑے سرکاری کینسر ہسپتال میں ہر سٹیج کے مریض کاعلاج کیاجائے گا،ہسپتال میں دنیا کے بہترین کینسر سپیشلسٹ ڈاکٹر لائیں گے،ہر سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر و طبی عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے، ہر ڈسٹرکٹ میں عوام کیلئے بہترین طبی سہولتیں چاہتے ہیں،سرکاری ہسپتالوں میں کرپٹ مافیاز کےخلاف سخت قانونی کارروائی ،فیلڈ ہاسپٹل ،کلینک آن ویل پراجیکٹ کو جلد پوری طرح فنکشنل کیا جائے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ،صوبائی سیکرٹری سیاحت نے ٹورازم اور مذہبی سیاحت نے بریفنگ دی،اجلاس میں پنجاب میں وساکھی میلہ منانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ،مریم نواز نے منظوری دیتے ہوئے کہاپنجاب کو 5سال میں ٹورازم حب بنانے کا ہدف پورا کیا جائے گا، ٹورازم کے فروغ کےلئے قلیل المدتی اور طویل المدتی حکمت عملی ترتیب دی جائے، پنجاب میں آنے والے سکھ برادری و دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو مکمل ٹورسٹ پیکیج دیا جائےگا۔

وزیراعلیٰ نے کہاپنجاب میں آنے والے ہر سیاح کو انٹرنیشنل لیول کی سہولیات دینے کےلئے جامع پلاننگ کی جائے، سیاحت کےلئے آنے والے ہر فرد کو مکمل سکیورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے،سکھ یاتریوں کےلئے مقدس مقامات کی نشاندہی اور ڈویلپمنٹ کےلئے پلان بنایاجائے،مزید برآں وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کا اجلاس ہوا،ٹیوٹا بورڈ کی از سرنو تشکیل کرنے کافیصلہ کیا گیا،مریم نواز نے کہا ہنر مند انسانی وسائل کی ایکسپورٹ کےلئے ڈیمانڈ کا علم ہونا ضروری ہے،صنعتی ضروریات کے مطابق ٹریننگ و کورسز کرائے جائیں،ووکیشنل ،ٹیکنیکل ادارو ں میں اچھے انسٹرکٹر لائے جائیں،ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے شعبے میں بہتری سے ٹیکنالوجی کا انقلاب برپا ہوسکتا ہے،ہر انڈسٹریل سیکٹر کی ڈیمانڈ کے مطابق کورس ڈیزائن کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ میں بہتری کیلئے ماسٹر پلان طلب کرلیا اور ٹیوٹا حکام کو جدید ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ کےلئے 5سالہ روڈ میپ مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اچانک پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچ گئیں،ایمر جنسی بلاک میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا،مریض کی طرف سے ادویات نہ ملنے کی شکایت پر جلد گھروں تک میڈیسن سروس شروع کرنے کا بتایا،مریم نوازنے ایمرجنسی بلاک میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور خیریت پوچھی،ہر مریض کے پاس جا کر تسلی دی اور جلد صحت یابی کےلئے دعا کی،خواتین وارڈ میں سب سے ہاتھ ملایا اور تیمارداروں کی خواہش پر تصاویر بھی بنوائیں۔

وارڈ میں زیر علاج پشاور کی واجدہ گل وزیراعلیٰ سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں،واجدہ گل نے بتایا دل کا علاج کرانے پشاور سے بچوں کو چھوڑ کر آنا پڑا،لاہور میں علاج کی سہولتیں اچھی ہیں،مریم نواز نے ہسپتال حکام کو واجدہ گل کے علاج کےلئے مزید بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔