آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ناگزیر، رواں ہفتے مذاکرات شروع ہونگے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد (مشرق نیوز) نوحلف یافتہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے اہم مذاکرات کیلئے رسمی درخواست کرنے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدرمیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ توقع ہے آئی ایم ایف سٹاف کے ساتھ یہ مذاکرات رواں ہفتے شروع ہوجائیں گے کیونکہ آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ناگزیرہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال 2024 ایک مشکل سال ہوگا لیکن جلد تمام مسائل پر گفتگو کیلئے میڈیا کے ساتھ بیٹھیں گے، بریفنگ لیکر بات کروں گا، اپنی تمام ترتوانائیاں پاکستان کو درپیش مشکلا ت کے حل کیلئے استعمال کرونگا، اب تک باتیں زیادہ ہورہی ہیں لیکن اب ایکشن کا وقت آگیا ہے۔

جب وزیر خزانہ سے آئی ایم ایف کو موجودہ سٹینڈ بائی ایگریمنٹ پروگرام کے حوالے سے رسمی درخواست بھجوانے کے امکان کے حوالے سے دریافت کیا گیا جو 12 اپریل 2024 کو ختم ہونے والا ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ فنڈ کے سٹاف کے ساتھ مذاکرات رواں ہفتے شروع ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق اعلیٰ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستانی فریق نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف ہیڈکوارٹر کو ایک ای میل بھجوائی ہے تاکہ 3 ارب ڈالر کے جاری سٹینڈبائی ایگریمنٹ پروگرام کے تحت اہم مذاکرا ت کئے جاسکیں اور اسکی 1.1 ار ب ڈالر کی آخری قسط کا اجرا کرایاجاسکے۔

پاکستان 6 ارب ڈالر کے تازہ میڈیم ٹرم بیل آوٹ پیکیج کیلئے مذاکرات شروع کرنے کی درخواست بھی کرسکتا ہے جو 6 اب ڈالر کی توسیع شدہ فنڈفیسلٹی کیلئے ہوگا۔ آئی ایم ایف سے ماحولیاتی حوالے سے1.5 سے 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کرکے اسے مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرنے کے طاقتور امکانات موجود ہیں۔