لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور برگد کے اشتراک سے مساوات ،جامع اور پائیدار مستقبل کے عنوان پر وائس چانسلرز کا نفرنس نے اقلیتوں کیلئے ہائر ایجوکیشن کے اداروں میں 2 فیصد اور ملازمتوں کے 5 فی صد کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی وائس چانسلرز کانفرنس میں کہا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے لحاظ سے پاکستان کمزور خطہ ہے جس سے ماحولیاتی نظام، غذائی تحفظ اور توانائی کو خطرات لاحق ہیں ،موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے جدید زرعی ٹیکنالوجی اور موثر فیصلہ سازی ناگزیر ہے۔پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد منیرنے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی بر داری سمیت تمام اقلیتیں ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں مثبت اور فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ پاکستان کا آئین اور اسلام کی تعلیمات اقلیتوں کے انسانی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور وقار کے احترام اور تحفظ کیلئے نفرت اور تشدد کو فروغ دینے والے انتہا پسندانہ نظریات کے اثرات کو ختم کرنے کیلئے پنجاب ایچ ای سی تمام جامعات میں بین المذاہب ہم آہنگی کی مہم چلارہا ہے جس کے تحت سیمینار ز منعقد ہورہے ہیں ۔ اقلیتوں کیساتھ امتیازی سلوک کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کریں گے۔ جامعات اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قائم کمیشن کی ہدایات پر عمل درآمد کریں۔ اقلیتی برادریوں کیلئے ملازمتوں کے مختص کوٹے پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ ہماری حکومتوں نے اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمیشہ پائیدار اقدامات اٹھائے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پانی، قابل تجدید توانائی کی صلاحیت اور دیگر وسائل سے مالا مال ہے تاہم اسے فیصلوں پر عمل درآمد اور مطابقت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کے پاس تقریباً 150 ملین ایکڑ فٹ پانی موجود ہے جو سپرے اور ڈرپ اریگیشن جیسی جدید زرعی تکنیک کو اپنانے اور آبپاشی کے روایتی طریقوں کو تبدیل کرنے کی صورت میں اس کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کافی ہے تاہم قومی آبی پالیسی اور دیگر متعلقہ قوانین کے عملی نفاذ کی ضرورت ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ پی ایچ ای سی اساتذہ کی جدید خطوط پر تربیت کررہا ہے، انہیں اعلیٰ تعلیم کیلئے سکالرز شپس کی فراہمی اور بصیرت فراہم کر رہا ہے۔برگد کی چیئرپرسن ڈاکٹر غزالہ عرفان نے کہاکہ پاکستان میں عدم برداشت اور انتہا پسندی کو فروغ دینے والے عناصر کے خلاف قانون سازی کی ضرورت ہے ، جامعات اس سلسلے میں شعوری مہم شروع کریں۔
موسمیاتی تبدیلی کا چیلنج اہم سنگ میل،جدید زرعی ٹیکنالوجی اور موثر فیصلہ سازی ناگزیر ہے:ڈاکٹر شاہد منیر

















