لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں دوران ڈیوٹی وفات پانے والی لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی پوسٹ گریجوایٹ مرحومہ ڈاکٹر نسیم بانو کے اہل خانہ کو 24 لاکھ روپے کا چیک دیا۔اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پروفیسر ڈاکٹر اصغر نقی، ایم ایس لیڈی ولنگٹن ہسپتال ڈاکٹر سعید خان اور ڈاکٹر سلمان کاظمی موجود تھے۔بعدازاںنگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہاکہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے ہم گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی مرحومہ ٹرینی ڈاکٹر نسیم بانو کے اہل خانہ کو 24 لاکھ روپے کا امدادی چیک دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ میڈیکل شعبہ کی تاریخ میں پہلی بار کسی ٹرینی ڈاکٹر کو دوران ڈیوٹی وفات پانے کے بعد اہل خانہ کی مالی امداد کی گئی ہے۔مرحومہ ٹرینی ڈاکٹر نسیم بانو کے کیس میں بہترین کاوشیں کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی، سیکرٹری صحت علی جان خان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز اور تمام متعلقہ افسران کے بے حد شکریہ ادا کرتے ہیں۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ دوران ڈیوٹی شہادت ایک ڈاکٹر کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔آج یہ چوبیس لاکھ روپے کی امدادی رقم مرحومہ کی والدہ کے اکانٹ میں ٹرانسفر کر دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ڈاکٹر کمیونٹی کی بہتری کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہاکہ مرحومہ ڈاکٹر نسیم بانو کے اہل خانہ کو 24 لاکھ روپے کا امدادی چیک دینے کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ امدادی چیک کی رقم کی منتقلی مرحومہ کی والدہ کے اکانٹ میں آن لائن ٹرانزیکشن کے ذریعے ہوگی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایازنے کہاکہ مرحومہ ڈاکٹر نسیم بانو کے اہل خانہ کیلئے امدادی پیکج دینے کیلئے وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت علی جان خان اور یونیورسٹی ملازمین نے اہم اور بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
دوران ڈیوٹی شہادت ایک ڈاکٹر کیلئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے :نگران وزیر صحت

















