معیشت پہلے سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جا رہے ہیں:وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وفاقی کابینہ نے نگران حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکو ترکیہ حکومت کااعلیٰ ملٹری ایوارڈ وصول کرنے کی منظوری دےدی۔


وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اجلاس میں مختصر عرصے کے دوران اپنی کابینہ و سول سرونٹس کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا مختصر وقت میں کابینہ نے بہترین کارکردگی دکھائی،معیشت کو پہلے سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جا رہے ہیں،منتخب حکومت کےلئے ایسا لائحہ عمل دےکر جا رہے ہیں جو یقینی طور پر عوام ،قومی مفاد کےلئے مفید ثابت ہو گا،نگران حکومت کے تمام فیصلوں و پالیسی سازی میں ہمیشہ ملکی مفاد کو ترجیح دی ۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاملکی ترقی و استحکام کےلئے ملکر کام کرنا ہے،میرے لیے پاکستان ہی سب کچھ ہے،بھرپور معاونت پر وزیر اعظم آفس ،ہاوس کے تمام افسروںوسٹاف کامشکور ہوں، ملٹری سیکرٹری نے بہترین پیشہ وارانہ انداز میں اپنی ذمے داریاں نبھائیں،کابینہ سیکرٹری و دیگر بیورو کریٹس کی موجودگی قابل فخر ہے۔

کابینہ سیکرٹری نے بیوروکریسی کی جانب سے وزیراعظم کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا ملک کو درپیش اہم چیلنجز میں آپ کی طرف سے ملکی مفاد میں اہم مشکل فیصلے لئے گئے ،دوررس نتائج نکلیں گے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو پاکستان ،ترکیہ کی مسلح افواج کے درمیان تعاون و خدمات کے اعزاز میں ترکیہ حکومت کی جانب سے دئیے جانےوالے ”ترکش آرمڈ فورسز لیجئن آف میرٹ“ ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت کی منظوری دی، دریں اثنانگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ملاقات کی،ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔