پی ٹی آئی آزاد امیدواراکثریت ثابت کریں،اپوزیشن میں بیٹھ جائینگے‘ شہباز شریف

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو حکومت بنانے کاچیلنج دیتے ہوئے کہاہے اکثریت ثابت کردیں اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے لیکن اگر حکومت نہیں بنا سکتے تو یقینا ایوان میں دوسری سیاسی جماعتیں باہمی مشاورت سے اپنا فیصلہ کریں گی اور یہی آئینی جمہوری طریقہ ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاپی ٹی آئی سپانسرڈ آزاد ممبران حکومت بناسکتے ہیں تو شوق پورا کریں،اپنی بات پر قائم ہوں نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے، ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے جان لڑائیں گے، سب اپنی انا ایک طرف رکھیں اور بغل گیر ہوں گے ، دوسری جماعتوںسے الحاق ہوتا ہے تو شبانہ روز محنت کریں گے۔

صدر ن لیگ نے کہاماضی میںپارلیمنٹ پر حملہ کرنے کی بھڑک ماری گئی، قبریں کھودنے کا ڈرامہ رچایا گیا سب سامنے ہے، 35 پنکچر کا بھی حساب ہوگیا ،ڈنکے کی چوٹ پر کہتا رہوں گا ریاست کو بچایا ، حکومت بننے کے بعد بلا تاخیر آئی ایم ایف پروگرام کےلئے رجوع کرنا پڑےگا، حکومت برائے حکومت نہیںپاکستان کو بچانے کا معاملہ ہے ، 10سے 12فیصد نتائج پر یکطرفہ شور ہوا، دھاندلی کا بے بنیاد الزام لگایا جا رہا ہے۔

شہبازشریف نے کہادھاندلی ہوئی تو ن لیگ کے سینئر رہنما کس طرح ہار گئے؟،کیا کے پی میں بھی دھاندلی ہوئی،نفرت ختم کر کے سیاسی استحکام کی طرف بڑھنے کا اہم ترین موقع ہے ،،قوم پکار رہی ہے اپنی ذاتی انا پرستی ،گالی گلوچ الزام تراشی کا خاتمہ کرنا ہوگا اور ملک کو گل و گلزار بنانا ہے ، سب کچھ اکٹھے چلے بغیر نہیں ہو سکتا ،وقت بے پناہ کم، بگڑی معیشت کو سنوارنا ہے، الیکشن میں مقابلہ کر لیا، اب غربت و مہنگائی کےخلاف جنگ ہے، نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ دینے ہیں،دہشتگردی کاخاتمہ کرنا ہے،ایثار، برداشت اور حوصلے سے کام لینا ہوگا،مجھے کوئی ٹرم نہیں ، پاکستان کی خوشحالی کی ٹرم چاہیے۔

دریں اثناشہباز شریف سے نومنتخب اراکین اسمبلی بیرسٹر عقیل،رانا فیاض ، وسیم قادر نے ملاقات کی اورنواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ،اس موقع پر صدر ن لیگ نے کہاسب پاکستان کو خوشحال بنائیں گے اور عوام کی زندگیوں میں آسانی لائیں گے، پاکستان کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ اتحاد، اتفاق اور قومی تعاون کی سوچ سے ہو سکتا ہے۔