انتخابات 2024،ریسکیو ایمرجنسی سروسز نے جانفشاتی سے خدمات سرانجام دیں :ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے عام انتخابات2024 میں ایمرجنسی کور فراہم کرنے پر پنجاب کے تمام اضلاع کے 15000 ریسکیورز اور 21,415 ریسکیو سکاوٹس (ریسکیو رضا کار) کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ 2597 اہم مقامات پر ریسکیورز اور ایمرجنسی گاڑیوں کی سٹرٹیجک مقامات پر تعیناتی کی گئی۔ووٹنگ کے پورے عمل کے دوران 824 ایمبولینسز، 362 فائر اینڈ ریسکیو وہیکل اور 2200 ریسکیو موٹر بائیکس نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کیلئے ڈیوٹی سرانجام دی۔کوڈ ریڈ کے نفاذ کے بعد تمام ریسکیو عملے اور ریسکیو سکاو¿ٹس (ریسکیو رضاکاروں)کو ڈیوٹی کیلئے بلایا گیا جنہوں نے ڈیوٹی کے دوران پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں کسی بھی بیمار، معذور اور زخمی شہریوں کوفوری ریسکیو سروسز کی فراہمی کیلئے بروقت مدد فراہم کی۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع کے ساتھ موثر کوارڈینیشن اور مانیٹرنگ کیلئے ریسکیو ہیڈ کوارٹرز میں 7/24 کام کرنے والے ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور صوبائی مانیٹرنگ سیل میں متعین آفیسر و عملہ کے کام کی بھی تعریف کی۔ بروقت ریسپانس اور فوری ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ایمرجنسی وہیکلز کو اہم مقامات پر متعین کیا گیا اور وائرلیس کمیونی کیشن سے ایمرجنسی ریسپانس کو یقینی بنایا گیا۔ پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران کے ساتھ زوم میٹنگ کے دوران، ضلعی آفیسر نے بتایا کہ ہر ضلع میں عام انتخابات – 2024 کے ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کیا گیا تاکہ حساس علاقوںاور پولنگ سٹیشن پر ایمرجنسی کور فراہم کیا جا سکے جیسا کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے منعقدہ اجلاسوں میں نشاندہی کی گئی تھی۔ضلعی افیسران نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں ہنگامی ایمرجنسی پلان پر موثر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ہسپتالوں کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن برقرار رکھا تاکہ عوام الناس اور ووٹر کو فوری ایمرجنسی سروسز مل سکے۔