بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر 76سال سے ناجائز اور غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے،عاصم افتخار احمد

پیرس (مشرق نیوز) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر فرانس میں پاکستانی سفارتخانے میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کے پیغامات سنائے گئے۔ تقریب میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر 76سال سے ناجائز اور غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈا پر حل طلب ہے۔ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام پون صدی سے حق خود ارادیت کیلئے عظیم جدوجہد کر رہے ہیں۔ بھارتی حکمران بے شرمی اور ڈھٹائی کا بدترین مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی متفقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کی چوتھی نسل بھارت سے آزادی کی جدوجہد کر رہی ہے۔ بھارتی حکمران کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنے کے بجائے مقبوضہ کشمیر میں تیاریاں دہشت گردی کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کو آواز دبانے کیلئے 9لاکھ سے زیادہ مسلح بھارتی فوجی مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں میں ملوث ہیں۔بھارت نے ظلم ، جبر اور ناانصافی کی انتہا کرتے ہوئے 5اگست 2019کو بھارتی آئین کے آرٹیکل 370اور35 ا ے کاخاتمہ کر ڈالا جس پر دنیا بھر کے امن پسند حلقوں مین سخت تشویش پائی جاتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کی۔ اس موقع پر کشمیری عوام کی مکمل اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کی قرار داد منظور کی گئی۔تقریب میں فرانسیسی شہریوں اور فرانس میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسئلہ کشمیر کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے خصوصی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔