عوام کو ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کرکے تاریخی تحفہ دیا:وزیر صحت

لاہور: (ہیلتھ رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اچانک چلڈرن ہسپتال لاہور پہنچ گئے،اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق اور ایم ڈی پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان بھی موجود تھے،نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے چلڈرن ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی،وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق اور ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاچلڈرن ہسپتال لاہور میں آنے والے مریضوں کو بین الاقوامی سطح کا ماحول اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،پنجاب کی عوام کو سو سے زائد سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کرکے تاریخی اور شاندار تحفہ دیا گیا ہے، پنجاب کے عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں اوراللہ پاک کی عدالت میں سرخرو ہیں۔