سکیورٹی انتظامات بہترین، فورسز مکمل تیار،انتخابات شفاف وپرامن ہوں گے،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے سکیورٹی انتظامات بہترین، فورسز مکمل تیار ہیں،انتخابات شفاف وپرامن ہوں گے،تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

وزارت داخلہ، الیکشن کمیشن کے سیکرٹریز، ترجمان دفتر خارجہ اور پی آئی او کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا انتخابات میں 4 دن باقی ہیں، صاف و شفاف الیکشن کےلئے انتظامات مکمل کر لئے ،ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری ہے، آزاد ملک ہیں، سب کو اپنی اپنی رائے دینے کا حق ہے، عدالتوں کو کنٹرول نہیں کرتے،ہر ایک کو اظہار رائے و تنقید کا حق حاصل ہے لیکن عدالتی فیصلے پر نگران حکومت کوئی بات نہیں کر سکتی مختلف ممالک سے 92 عالمی مبصرین انتخابات کور کریں گے۔

وزیر ا طلاعات نے کہاالیکشن میں سکیورٹی کو 3حصوں میں تقسیم کردیا، پولیس سب سے پہلے فرائض انجام دے گی، دوسرے حصے میں ایف سی، رینجرز اہلکار سکیورٹی دیں گے،قومی اسمبلی کی 266 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، 12 کروڑ سے زائد شہری حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا پاکستان دہشتگردوں کےخلاف کارروائیاں کر رہا ہے، دہشتگردی کے باعث 2008 کے انتخابات خوف کی فضا میں ہوئے، 2008 ،2013 میں دہشتگردی تھی، طالبان کے کابل میں حکومت سنبھالنے پر دہشتگردی بڑھی،کالعدم القاعدہ اور ٹی ٹی پی افغانستان کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا رہا ہے، نگران حکومت نے معاشی بہتری کےلئے اہم اقدامات کیے ، ایس آئی ایف سی کے تحت معاشی معاہدے کیے گئے ۔

دریں اثنا وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا،پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا،تقریب میں ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر شاہ، وزارت اطلاعات و نشریات کے اعلیٰ حکام، ایمز ایجوکیشن سسٹم کے ڈائریکٹر اور پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالوحید خان اور طلبہ نے شرکت کی۔