محسن سپیڈ،پنجاب میں پہلا سرکاری کینسر ہسپتال آپریشنل،علاج معالجہ فری

لاہور:( ہیلتھ رپورٹر،خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت و ذاتی دلچسپی سے چند ماہ میں پنجاب میں سرکاری سطح پر پہلا کینسر ہسپتال آپریشنل ہو گیا،محسن نقوی نے مناواں میں میو کینسر کیئر ہسپتال کا افتتاح کردیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کینسر ہسپتال میں مریضوں کے فری علاج معالجے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پنجاب کے پہلے سرکاری ہسپتال میں کینسر کے ہر مریض کا مفت علاج معالجہ ہو گا ،کسی بھی سٹیج کے مریض کو علاج معالجے سے انکار نہیں کیا جائے گا، فی الحال کینسر ہسپتال 110بستروں پر مشتمل ہے، چند برس میں 1000بیڈز تک بڑھایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کینسر ہسپتال کا دورہ کرکے مریضوں کے علاج معالجے کےلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا،مشین سے ٹوکن لیا اور خودکار نظام کو آسان و سادہ بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہامریضوں کی سہولت کیلئے ٹوکن مشین میں انگریزی کےساتھ اردو تحریر بھی سکرین پر آنی چاہیے۔

دریں اثنا پنجاب میں آن لائن اسلحہ لائسنس کے اجرا کےلئے محکمہ داخلہ ، نادرا کے درمیان معاہدہ طے پا گیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ”دی پنجاب آرمز لائسنس مینجمنٹ سسٹم“پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کردیا، آن لائن سسٹم کے تحت پنجاب بھر میں اسلحہ لائسنس کی تجدید و ترمیم کرائی جاسکے گی،نئے سسٹم کے تحت اسلحہ لائسنس کی ورثا کو منتقلی بھی آن لائن کی جائے گی،نئے سسٹم کے تحت اسلحہ لائسنس درخواست دہندہ کے گھر ڈلیور کیاجائے گا،محسن نقوی نے کہالائسنس کے اجرا میں کرپشن کا مکمل سدباب ممکن ہوگا۔


مزید برآںوزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ منصوبے کا 3گھنٹے طویل دورہ کرکے 8کلومیٹر طویل پورے پراجیکٹ کی پیشرفت ،منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا منصوبے پر کام کی رفتار فوری بڑھانے اورمنصوبے کے اطراف سٹرکوں کےساتھ تجاوزات کےخلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دےدیا۔