غزہ جہنم ،جنگ صرف تباہی،آئیں امن کا انتخاب کریں: سربراہ ڈبلیو ایچ او ،خطاب کے دوران آبدیدہ

جنیوا،اوسلو(مشرق نیوز) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس گورننگ باڈی سے خطاب میں غزہ میں فوری جنگ بندی اور اسرائیل فلسطین تنازع کے حقیقی حل کا مطالبہ کیا،ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس نے کہا غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 25 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں سے نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے،خوراک کی قلت الگ ہے، اس صورتحال نے غزہ کو جہنم بنادیا ہے،ڈبلیو ایچ او کے سربراہ غزہ پر بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے اور ان کی آنکھوں سے آنسو روا ہوگئے،ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس نے کہا میں خود جنگ کے تلخ تجربے سے گزر چکا ہوں اور مجھے معلوم ہے جنگ کسی چیز کا حل نہیں لاتی سوائے مزید جنگ، زیادہ نفرت، زیادہ اذیت اور زیادہ تباہی کے،اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا آئیں امن کا انتخاب کریں اور اس مسئلے کو سیاسی طور پر حل کریں، میرے خیال میں آپ سب نے دو ریاستی حل کا کہا ہے اور امید ہے اس سے یہ جنگ ختم ہو جائےگی دوسری جانب ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نے کہا ہے اسرائیلی بمباری سے غزہ کی صورت حال زمین پر جہنم سے کم نہیں،اوسلو میں عرب ٹی وی کو انٹرویو میں ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا لگتا ہے 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے بعد سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فالج کا شکار ہوگئی،فلسطینی اداروں کی اپنے علاقوں پر مکمل اجارہ داری ہونی چاہیے اور اسرائیل کو ناجائز قبضے سے باز آجانا چاہیے،ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا 3 ماہ سے زائد کی جارحیت کے باوجود اسرائیل اب تک غزہ میں اپنا ایک بھی فوجی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔