پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری ہسپتالوں کے حالات بدل رہے ہیں :ڈاکٹر جاوید اکرم

ساہیوال(چوہدری اشرف سے)صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ریکارڈ مدت میں صوبے کے113ہسپتالوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کا بڑا کام مکمل کر لیا ہے جس پر 80ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے۔صوبے میں اب کوئی ایسا ہسپتال نہیں جہاں مریض کو صحت کی جدید سہولیات دستیاب نہ ہوں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکٹر مریض کے ساتھ نرمی اور انسانیت نوازی والا رویہ اپنائیں۔ وہ یہاں جناح ہال میں ساہیوال میڈیکل کالج کے چوتھے کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی پرووائس چانسلر ڈاکٹر نادیہ نسیم، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان، ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر اختر محبوب، سابق پرنسپلز پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر را¶ اور پروفیسر ڈاکٹر ظفر تنویر، فکیلٹی ممبران، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کا سب سے بڑا امتحان مریض کے ساتھ اس کا رویہ ہے کیونکہ تکلیف میں مبتلا شخص یہ توقع رکھتا ہے کہ اس کا علاج کرنے والا انسانیت کی اعلیٰ معراج پر فائز ہو۔ انہوں نے کہا کہ مریض ہی ڈاکٹر کاسب سے بڑا اثاثہ بھی ہے کیونکہ ان کے دل سے نکلنے والی دعائیں ڈاکٹر کی دنیا و آخرت سنوار سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی صحت کے شعبہ کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں اور ان کی ذاتی دلچسپی سے ریکارڈ مدت میں سرکاری ہسپتالوں کو درپیش مسائل حل کئے گئے جبکہ نشتر II ملتان اور فاطمہ جناح ڈینٹل انسٹی ٹیوٹ لاہور بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ ڈاکٹر محمد جاوید اکرم نے ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کو خطے میں صحت کی بہتر سہولیات کی دستیابی میں ایک اور سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ انسٹیٹیوٹ کو2انجیوگرافی مشینیں اور دوسرا ضروری طبی سامان بھی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ MRIمشین بھی بہت جلد فنگشنل ہو جائے گی۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچیوں کو ڈاکٹر بنانے کے بعد گھروں میں نہ بٹھائیں بلکہ انہیں کام کرنے دیں تاکہ ملک ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ڈاکٹر کی تعلیم پر ڈیڑھ کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے جس کا معاشرے کو بھی فائدہ ملنا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے کالج میں آڈیٹوریم کی تعمیر کے لئے فنڈز فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس سے پہلے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے ڈاکٹر بننے والے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے حلف کی پاسداری کریں اور اپنی پوری توجہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کریں۔ انہوں نے ساہیوال میڈیکل کالج میں ہی پوسٹ گریجویٹس کے لئے ٹریننگ کورسز اور ورکشاپس کرانے کا بھی اعلان کیا۔ اس سے پہلے اپنے خطبہ استقبالیہ میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے کالج کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ 377بیڈز سے شروع ہونے والےساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں اس وقت 970بیڈز موجود ہیں جبکہ کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کے لئے بھی 180بیڈز منظور ہو چکے ہیں اس طرح سے 1150بیڈز کے ساتھ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال صوبے کا ساتواں بڑا ٹیچنگ ہسپتال بن چکا ہے جہاں تمام شعبوں میں ماہر ڈاکٹرز انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے گریجویٹ ہونے والے ڈاکٹرز کو مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنے والدین اور انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ کانووکیشن میں ڈاکٹر ابوبکر کو بہترین ڈاکٹر قرار دیا گیا جبکہ ڈاکٹر زمیشہ تنویر، ڈاکٹر عظمیٰ امین اور ڈاکٹر زرمین ندیم کو بالترتیب کالج میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر میڈیلز پہنائے گئے۔