صارفین کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائےگا،ڈپٹی کمشنر ننکانہ

ننکانہ صاحب: (نمائندہ خصوصی )ڈپٹی کمشنر ننکانہ چودھری ارشد نے کہاہےصارفین کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،دکاندار اشیا کی خریدوفروخت کے لیے نرخ نامہ آویزاں کریں ، خریدار کو بل لازمی دیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رائے ذوالفقار علی کی زیرصدارت کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا اجلاس افس چیمبر میں ہوا،اجلاس میں ڈسٹرکٹ افسر انڈسٹریز خاور حفیظ ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک، صدر کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن شیخ علی رضوان سمیت دیگر تاجر برادری کے عہدیدار بھی شریک تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے دوکاندران اپنی دوکان کے فرنٹ یا واضح جگہ پر ریٹ لسٹوں کی فلیکسز یا بینرز لازمی آویزاں کرائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ننکانہ چودھری ارشد کی خصوصی ہدایت کے مطابق ضلع بھر کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ریٹ لسٹوں کو نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے اور ضروریات زندگی کی اشیاءمہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کل سے کریک ڈاون کا آغاز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے دوکاندران کو بھاری جرمانوں سمیت ایف آئی آر کا اندراج بھی کروایا جائے گا۔

صدر کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن شیخ علی رضوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن اور تمام دکاندار انتظامیہ کے فیصلے پر عملدرآمد کو 100 فیصد یقینی بنائیں گے۔