غزہ کے رہائشیوں کو ریلیف فراہمی کیلئے نئے راستے کی تجویز

نیویارک (مشرق نیوز) اقوام متحدہ کی تین امدادی ایجنسیوں نے اسرائیل پر زور دیاہے کہ وہ غزہ کے شمال میں واقع اشدود کی بندرگاہ تک انسانی امداد کی فوری ترسیل کیلئے رسائی کی اجازت دے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ورلڈ فوڈ پروگرام، یونیسیف اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی محصور آبادی جنہیں غذائی قلت کے بڑھتے ہوئے خطرے کا سامنا ہے تک خوراک اور سامان کی ترسیل کا انحصار امداد کے داخلے کیلئے نئے راستے کھولنے پر بھی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی سرحد سے 40 کلومیٹر شمال میں واقع اشدود کا استعمالامدادی اداروں کیلئے انتہائی ضروری ہے جبکہ تنظیموں نے غزہ میں انسانی امداد کے بہاﺅ میں بنیادی تبدیلی کا مطالبہ کیا۔اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے اداروں کو اس بندرگاہ کو استعمال کرنے کی اجازت دینے سے بہت زیادہ مقدار میں امداد بھیجی جائیگی اور پھر اسے ٹرکوں پر غزہ کے سب سے زیادہ متاثرہ شمالی علاقوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی جہاں اب تک صرف چند قافلے ہی پہنچ پائے ہیں۔اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ 100 دن سے زیادہ ہوگئی ہے۔ یہ جنگ غزہ کے 2.4 ملین باشندوں کیلئے ایک انسانی تباہی کا باعث بنی ہے جنہیں خوراک، پانی، ایندھن اور صحت کی دیکھ بھال کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔