ن لیگ مخالفین کو پچ آوٹ کر کے اکیلے کھیلنا چاہتی ہے:بلاول بھٹو

قمبر شہداد کوٹ:(نمائندہ مشرق)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے ن لیگ مخالفین کو پچ آوٹ کر کے میدان میں اکیلے کھیلنا چاہتی ہے،الیکشن قریب ہیں ،سازشوں کو ناکام کر کے عوام کےساتھ وفاق میں حکومت بنائیں گے،انتخابی نشان کیس میں چیف جسٹس نے سیاسی نہیں قانونی فیصلہ دیا،پی ٹی آئی کارکن اپنے اندر خامیوں کا جائزہ لیں۔

قمبر شہداد کوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا پنجاب کے صوبائی امیدواروں کو تیر کی بجائے علیحدہ انتخابی نشانات د ے دئیے گئے،فیصلے کےخلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے اور عدالت بھی جائیں گے، اب انتخابات میں تیر اور شیر کا مقابلہ ہے، آئیں ساتھ دیں، پیپلزپارٹی ن لیگ کا ڈٹ کر مقابلہ کرےگی۔

بلاول بھٹو نے کہا الیکشن نہ ہونے کی غلط فہمی رکھنے والوں کو نقصان ہوگا، جسٹس قاضی فائر عیسیٰ نے کہا تھا 8 فروری کو الیکشن پتھر پر لکیر ہیں اور اب انتخابات بہت قریب نظر آرہے ہیں،انتخابی مہم کافی عرصے سے جاری ہے اور پی پی نے معاشی معاہدہ عوام کے سامنے رکھ کر ساتھ مانگا ہے،۔

چیئر مین پی پی نے ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا پرانے سیاست دان نفرت اور تقسیم کی بات کررہے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جو عوام پر اعتماد کرتی ہے، عوام نئی سیاست اور نئی سوچ کا ساتھ دیں۔

بلاول بھٹو نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ن لیگ اب جمہوری جماعت نہیں رہی، مقابلہ نہیں مخالفین کو پچ آو¿ٹ کرنا اور اکیلے ہی میدان میں کھیلنا چاہتی ہے،نہیں چاہتے کسی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کیاجائے، پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی الیکشن درست طریقے سے نہیں کرایا، قاضی فائز عیسٰی جب سے چیف جسٹس بنے قانون پرعملدرآمدکرکے فیصلے دیتے ہیں، پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ پر سارا ملبہ ڈالنا نا انصافی ہے ، پی ٹی آئی کارکن عدلیہ کی بجائے اپنے اندر دیکھیں خامیاں کہاں ہیں۔