جیلوں میں بند قیدی بھی ووٹ ڈالیں گے: الیکشن کمیشن

اسلام آباد،لاہور :(بیورورپورٹ ،اپنے نمائندے سے) جیلوں میں بند قیدی بھی ووٹ ڈالیں گے،الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سے تمام جیلوں سے ووٹر قیدیوں کی تفصیل مانگ لی۔

جیل حکام کے مطابق قیدیوں میں کتنے ووٹرز ہیں جیلوں سے فہرستیں وصول ہونے کے بعد تعداد سامنے آئے گی، جیل سپرنٹنڈنٹ ووٹر قیدیوں کا حلقہ، یونین کونسل اور ووٹ نمبر آئی جی جیل خانہ جات کو بھجوائیں گے،حکام کے مطابق 22 جنوری تک تفصیلات موصول ہونے کے بعد بیلٹ پیپرز کےلئے فہرستیں الیکشن کمیشن کو بھجوائی جائیں گی، ہرجیل میں کیمروں کی موجودگی میں ووٹ کاسٹ کروا کر الیکشن کمیشن کو بھجوائے جائیں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں موبائل میسج کے ذریعے ووٹرز کو تفصیلات دینے کےلئے نمبر جاری کردیا،الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرز 8300 پر میسج کر کے اپنی ووٹنگ تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں،نمبر پر میسج کرتے ہی ووٹرز کو ایس ایم ایس کے ذریعے ووٹنگ کی تفصیلات بھیج دی جائیں گی۔