ناقص تفتیشی نظام، ہزاروں مقدمات خارج، سزاﺅں کا تناسب بھی کم ،اعداد و شمار نے پول کھول دیا

لاہور (مرزا ندیم بیگ) محکمہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار نے پولیس کے ناقص تفتیشی نظام کا پول کھول دیا، ناقص تفتیشی نظام کی وجہ سے ہزاروں مقدمات خارج ہوگئے جبکہ سزاوں کا تناسب بھی معمولی رہا۔محکمہ پولیس پنجاب نے مقدمات کی تفتیش سے متعلق اعدادوشمار جاری کئے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ناقص تفتیشی نظام کی وجہ سے ہزاروں مقدمات خارج اور عدم پتہ ہوگئے۔ عدم پتہ مقدمات میں ملزمان کوتلاش نہ کرنے پرسسٹم سے نکال دیا جاتا ہے۔گذشتہ سال پنجاب بھر میں 70ہزار سے زائد مقدمات کو خارج کردیا گیا جبکہ صرف لاہور میں 31 ہزارسے زائد مقدمات خارج ہوئے۔اسی طرح پنجاب بھر میں ایک لاکھ 45 سے زائد اور لاہورمیں 70 ہزار268 مقدمات عدم پتہ ہوگئے۔صوبے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد نامکمل چالان جمع کرائے گئے جبکہ لاہور میںیہ تعداد 22 ہزارسے زائد رہی۔پنجاب میں مجموعی طور پر 4لاکھ10 ہزارسے زائد جبکہ صوبائی دارالحکومت میں 13 ہزارسے زائد مقدمات کے چالان مکمل جمع کرائے گئے۔اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں ایک لاکھ سے زائد اور پنجاب بھرمیں 3 لاکھ 30 ہزارسے زائد مقدمات زیرتفتیش ہیں۔گزشتہ سال 2023 میں پنجاب بھرمیں سزاوں کا تناسب بھی انتہائی معمولی رہا، صوبے بھر میں ساڑھے19 ہزارملزمان کوسزائیں ہوسکیں جبکہ لاہور میں 1100 سے زائد ملزمان کو عدالتوں نے سزائیں سنائیں۔