امریکہ میں تعینات نااہل ”ٹرائیکا“ نے مسئلہ کشمیر کو مذاق بنا دیا

نیویارک (خواجہ فاروق) امریکہ میں تعینات نااہل ”ٹرائیکا“ نے مسئلہ کشمیر کو مذاق بنادیا۔ 5 جنوری 1949ءکو کشمیریوں کو حق خدارادیت دینے کیلئے اقوام متحدہ سے پاس ہونیوالی قرار داد پر عملدرآمد کروانے کے حق میں صرف 6 افراد غلام نبی فائی، سوار خان، سردار امتیاز گڑالوی، راجہ تاج، راجہ مختار کی میٹنگ اور انہی 6لوگوں کے فرضی مظاہرے سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی، بھارتی حلقوں میں خوشی کے شادیانے،کشمیریوں اوراوورسیز پاکستانیوں نے نااہل سفارتکاروں کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں تعینات ”ٹرائیکا“ سفیر سردار مسعود خان، اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم اور قونصل جنرل نیویارک عامر اتوزئی نے مسئلہ کشمیر پر حکومتی پالیسی کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں، پہلے نام نہاد کشمیریوں لیڈر وں کو بلایا، میٹنگ میں صرف 6 افراد نے شرکت کی پھر ٹائمز سکوائر پر ہونیوالا فرضی احتجاجی مظاہرہ 6 لوگوں تک محدود رہا، نااہل ”ٹرائیکا“ کی نااہلی اور مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے کے عمل سے مایوس کسی بھی کشمیری، پاکستانی نے فرضی مظاہرے میں شرکت کرنا مناسب نہ سمجھا، حکومت کی کشمیر پالیسی نیویارک میں مذاق بن گئی، ایک ٹرک پر کشمیرپر مبنی نعرے آویزاں کر کے لوگوں کو بیوقوف بنایا جاتا رہا، سفارتکاروں کے اقدام سے پوری دنیا میں پاکستان کی شدید جگ ہنسائی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی حلقوں نے ایک اور ناکام ترین احتجاج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی حکومت کو رپورٹ دی امریکہ میں اب کشمیر پر آواز اٹھانے والا کوئی نہیں، پاکستانی سفارتکاروں کی نااہلی نے بھارتی موقف مزید مضبوط کردیا۔ دوسری جانب امریکہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا امریکہ میں سفارتی ناکامی کی ایک اور تاریخ رقم کی گئی۔ ”ٹرائیکا“ سفیر سردار مسعود خان، اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم اور قونصل جنرل نیویارک عامر اتوزئی کو نااہلیوں کے باوجود نہ ہٹانا سوالیہ نشان ہے۔ وزیراعظم، آرمی چیف فوری نوٹس لیں اور تینوں کو فوری تبدیل کرکے کشمیر اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کو تعینات کیا جائے۔