مزید بیسیوں فلسطینی شہید،اسرائیل حزب اللہ سے جنگ نہیں جیت سکتا،امریکہ نے خبردار کردیا

غزہ،نیویارک:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)اسرائیلی درندگی،حماس کے 2اہم کمانڈروں سمیت مزید بیسیوں فلسطینی شہید کردئیے،اسماعیل سراج ،احد وہبی کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج نے خان یونس میں بھی حملے بڑھا دئیے ،فلسطینی ہلال احمر ہسپتال کے اطراف شدید گولہ باری کی گئی،حملوں میں مزید بیسیوں فلسطینی شہید ہوگئے۔

ادھر لبنان کی سرحد پر اسرائیلی فوج ،حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں میں اضافہ ہوگیا، حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی پوزیشنوں پر 62 راکٹ فائر کیے۔

دریں اثنا یورپی یونین خارجہ و سلامتی امور کے سربراہ جوزف بوریل نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے وہ لبنان کو جنگ میں گھسیٹنے سے باز رہے،اسرائیل نے پالیسی نہ بدلی تو مشرق وسطی کو جنگ سے محفوظ رکھنا مشکل ہوجائےگا۔

دوسری جانب امریکی صدر نے اسرائیل ، حزب اللہ کے درمیان جنگ شروع ہونے سے روکنے کیلئے پیغام دےکر اپنے اہم ترین ساتھیوں کو مشرق وسطیٰ بھیجا ،واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے اسرائیل کو حزب اللہ کےساتھ جنگ میں ناکامی سے خبردار کیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کو خدشہ ہے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کو روکنے میں ناکامی پر ہونےوالی تنقید پر اپنی سیاسی بقا کےلئے غزہ میں جاری جنگ کو لبنان تک توسیع دی جاسکتی ہے،انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کو انتباہ کیا گیا جنگ کو لبنان تک پھیلانا خطرناک ہو سکتا ہے،عہدیداروں کے مطابق اسرائیل ممکنہ طور پر حزب اللہ کےساتھ جنگ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوگا،حزب اللہ ماضی کے مقابلے میں اب زیادہ اچھے ہتھیاروں سے لیس گروپ ہے۔