غزہ،مقبوضہ بیت المقدس،دمشق،واشنگٹن(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)غزہ میں قتل عام نہ رکا،مزید سینکڑوں فلسطینی شہید،جنوبی افریقہ نے اسرائیل کےخلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کرا دیا۔
عالمی میڈیاکے مطابق غزہ میں نصائرت کیمپ، خان یونس ،رفح سمیت دیگر علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں مزید کئی فلسطینی شہید ، زخمی ہو گئے،خان یونس میں متعدد عمارتیںملبے کاڈھیر بن گئیں،اقوام متحدہ کی امدادی کھیپ پر بھی فائرنگ کی گئی ۔
اقوام متحدہ کے ایڈ چیف مارٹن گریفتھس نے امدادی قافلے پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاامدادی رضاکاروں پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،دریں اثناعرب میڈیا نے دعویٰ کیا شام کے دمشق ائیر پورٹ پر اسرائیلی حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے 11ممبران مارے گئے،حملے کا نشانہ بننے والے ممبران مشرقی شام میں ایرانی فورسز کی دیکھ بھال کی ذمہ داریوں پر فائز تھے۔
ادھر عالمی سطح پر نسل پرستی کےخلاف تاریخ کے حامل ملک جنوبی افریقہ نے اسرائیل کےخلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کرا دیا،جنوبی افریقہ کی جانب سے کہا گیا اسرائیلی فوج غزہ میں فلسطینیوں کو جان بوجھ کر قتل کر رہی ہے ،طاقت کے اندھا دھند استعمال کا مقصد فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنا ہے۔
دوسری جانب غزہ میں وحشیانہ حملے اور فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھنے کیلئے امریکی صدر جو بائیڈن نے ہنگامی بنیادوں پر اسرائیل کو مزید اسلحے کی فروخت کی منظوری دیدی،کانگریس کی منظوری بھی نہ لی گئی،بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی صورتحال کو بنیاد بنا کر اسرائیل کو مزید 147ملین ڈالر سے زائد مالیت کا گولہ بارود و دیگر سامان فروخت کرنے کی منظوری دی گئی۔
دریں اثنا مصر نے کہا ہےغزہ میں جاری خونریزی روکنے کیلئے فریقین کے جواب کا انتظار ہے، منصوبہ بندی میں مختلف مراحل پر سیز فائراور دونوں طرف سے یرغمالیوں کی رہائی بھی شامل ہے۔
غزہ ،قتل عام،مزید سینکڑوں شہید،عالمی عدالت میں اسرائیل کیخلاف مقدمہ دائر
















