لاہور (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے۔ لیگی رہنما بلال یاسین نے پارٹی قائد نواز شریف کے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جنہیں منظور کرلیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں بلال یاسین نے بتایا کہ نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کے سلسلے میں آر او کے دفتر میں پیش ہوئے تھے جہاں آر او نے سوال و جواب کئے اور نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے۔ بلال یاسین نے کہا کہ انکے ہمراہ نواز شریف کے وکیل امجدپرویز بھی آر او کے دفتر میں پیش ہوئے تھے۔
بلال یاسین خود اس حلقے کی صوبائی نشست پی پی 173 سے الیکشن لڑرہے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 130 نواز شریف کا آبائی حلقہ ہے اور وہ اس سے پہلے بھی یہاں سے الیکشن لڑچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد اب وہ الیکشن لڑنے کیلئے اہل ہوگئے ہیں۔ این اے 130 میں اندرون شہر سے باہر کا حصہ آتا ہے جن میں گوالمنڈی اور انارکلی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں اور یہ شہر کا ایک بڑا حلقہ ہے۔
مسلم لیگ کے قائد نواز شریف کے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی منظور


















