مستقبل میں ایک ڈاکٹر آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے بغیر ادھورا ہوگا :ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ میں پاکستان کی پہلی آرٹیفشل انٹیلی جنس گائنی پورٹل کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد خواجہ، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر سہیل ارشد رانا، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ملک، عبد الصمد اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے تقریب اور لیکچر کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ آج پاکستان کی پہلی آرٹیفشل انٹیلی جنس گائناکولوجی پورٹل کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ پورٹل گائنی کے مریضوں کے علاج میں بہت سود مند ثابت ہوگی۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ریڈیالوجی کے شعبہ میں آرٹیفشل انٹیلی جنس کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔ ایک وقت آئیگا جب ایک ڈاکٹر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بغیر ادھورا رہ جائیگا۔ دریں اثناءنگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام رسک بیسڈ انسپیکشن پر مبنی تربیتی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگز ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان عاصم را¶ف، مجاہدہ مجاہد، قلندر خان، میاں مصباح الرحمن، میاں شفیق الرحمن اور مختلف فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے تربیتی سیمینارکے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ ڈریپ کو جی ایم پی کے ساتھ جی سی پی کو بھی مانیٹر کرنا چاہئے۔ ایس او پیز کے مطابق پنجاب کی ہر فارمیسی پر ایک فارماسسٹ ہونا چاہئے۔ ہر فارمیسی پر ایک فارماسسٹ کو یقینی بنانے کیلئے اگلے 19 سال درکار ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان میں بدقسمتی سے ایک بھی بائیو ٹیکنالوجی پلانٹ نہیں ہے۔ پاکستان میں بہت زیادہ غیر محفوظ انڈسٹریل پریکٹسز ہوتی ہیں۔ صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان کے بائیو ٹیکنالوجی کے شعبہ میں انقلاب لانے کی ضرورت ہے۔ ہر کامیابی کیلئے ہمیں زندگی میں رسک لینا پڑتا ہے، ہمارے لئے سب سے اہم ہمارے مریض ہیں۔ مریضوں کی بہتری کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہئے۔ نظام صحت میں بہتری لانے کیلئے دہشت گردی کے مقدمات بھی بھگتے ہیں۔ نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے تربیتی سیمینار کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔