دانیال عزیز کو شوکاز، سات دن میں وضاحت طلب، ادھوری 18ویں ترمیم کو مکمل کرینگے:ن لیگ

لاہور(اپنے رپورٹر سے) پاکستان مسلم لیگ ن نے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا،دانیال عزیز کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس ان کے 30 نومبر کے بیان پر جاری کیا گیا ہے،مسلم لیگ ن کی جانب سے دیے گئے شوکاز نوٹس میں دانیال عزیز سے 7 دن میں تحریری وضاحت مانگی گئی ہے،دوسری جانب ن لیگ نے واضح کیا ہے کہ 18ویںترمیم کو رول بیک کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں بلکہ ادھوری 18ویں ترمیم کو مضبوط بلدیاتی نظام کے ذریعے مکمل کریں گے ،پیپلز پارٹی جس طرح کا خوف اور ماحول پیدا کر کے اسے الیکشن سلوگن بنانا چاہتی ہے ایسی کوئی بات نہیں ہے ،پیپلز پارٹی مخالف بیان دےکر پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے ووٹ کو راغب کرنا چاہتی ہے جو اس کا حق ہے وہ اس کےلئے پورا زور لگا ئے ،پی ٹی آئی کے اوئے توئے کے کلچر نے پاکستان کی سیاست اور جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اس لیے سب کو اس سے گریز کرنا چاہیے ،ہم توقع کرتے ہیں پیپلز پارٹی کی قیادت الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان جمہوری روایات کو ان اقدار کو پیش نظر رکھے گی ،پشاور کا حال سب کے سامنے ہے،الیکشن میں پارٹی سے وابستگی رکھنے والے اور قربانی دینے والے کارکنوں کو ترجیح دی جائے جن حلقوں میں امیدواروں کے چناﺅ میں مشکلات ہیں وہاں پر کمیٹیاں بنا دی جائیں گی جو اتفاق رائے پیدا کریں گی اور پھر امیدواروں کا اعلان کیا جائےگا ۔ ان خیالات کا اظہار ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اور مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے سرگودھا ڈویژن کے امیدواروں کے انٹرویوز کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔