کوپ 28 کانفرنس، امارات کا 30 ارب ڈالر کے کلائمٹ فنڈ کے قیام کا اعلان

دبئی (مشرق نیوز) کوپ 28 کی دو روزہ عالمی موسمیاتی ایکشن سمٹ کے آغاز کے موقع پر متحدہ عرب امارات نے موسمیاتی سرمایہ کاری کیلئے 30 ارب ڈالر کے نئے فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی میں منعقد ہونے والے سمٹ میں کئی مندوبین نے شرکت کی، جس میں حکومتوں، ترقیاتی بینکوں اور کمپنیوں نے کلائمٹ فنانسنگ کے لیے اربوں روپے جمع کرنے کے اقدامات کا اعلان کیا۔الٹرا نام کے اس منصوبے کا مقصد اس دہائی کے آخر تک 250 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو متحرک کرنا ہے، جسے کوپ 28 کے صدر سلطان احمد الجابر نے ماحولیاتی فنانسنگ کیلئے ایک فیصلہ کن لمحہ قرار دیا۔اسے دنیا کی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بڑی نجی سرمایہ کاری قرار دیتے ہوئے سلطان الجابر کا کہنا تھا کہ اس میں غریب ممالک کیلئے مختص کردہ 5 ارب ڈالر بھی شامل ہیں۔لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ میں نصف ارب ڈالر کے وعدوں کا اضافہ کرتے ہوئے، پورے دن میں متعدد مالیاتی وعدوں کا بھی اعلان کیا گیا۔عالمی بینک نے 2024-25 میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں کی فنانسنگ کو 35 فیصد سے بڑھا کر 45 فیصد تک کرنے کا وعدہ کیا۔کینیڈا نے فنڈ میں ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر اور فرانس نے 10 کروڑ ڈالر دینے کا عہدکیا، اس کے علاوہ، برطانیہ نے گرین کلائمیٹ فنڈ کیلئے (جی سی ایف) 2 ارب ڈالر جبکہ عالمی بینک نے 2025تک موسمیاتی فنانسنگ میں شراکت کو 40 ارب ڈالر تک بڑھانے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔