یرغمالیوں کی واپسی اور حماس کو ختم کرنے کی پوری کوشش کر رہے:نیتن یاہو
تل ابیب (مشرق نیوز) اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ سے یرغمالیوں کی واپسی اور حماس کو ختم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریگا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیتن یاہو کے دفتر نے اعلان کیا کہ انہوں نے غزہ کی پٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پٹی میں تعینات فورسز کا معائنہ کیا۔نیتن یاہو کے دفتر نے ایکس پر کہا کہ وزیر اعظم نے سکیورٹی کا جائزہ لیا، کمانڈروں اور فوجیوں سے بات چیت کی اور دریافت ہونے والی سرنگوں میں سے ایک میں داخل ہوئے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ اس جنگ کے ہمارے تین اہداف ہیں۔ حماس کو ختم کرنا، تمام مغوی افراد کو واپس لانا اور اس بات کو یقینی بنانا کہ غزہ دوبارہ کبھی اسرائیل کیلئے خطرہ نہیں بنے گا۔ بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ کی پٹی میں کس مقام کا دورہ کیا اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔
















