غزہ میں مریض بھی دہشتگردی کانشانہ،شہداءکی اجتماعی تدفین

غزہ،برسلز،بیجنگ،نیویارک(مشرق نیوز)غزہ میں مریض بھی اسرائیلی دہشتگردی کانشانہ،شہدا کی تعداد11500سے متجاوز، اجتماعی قبر میں تدفین،اسرائیلی فوج نے الشفاءہسپتال کے دروازوں کے سامنے بھی ٹینک کھڑے کر دیئے،دربدر فلسطینیوں کےلئے آسمان سے برستی بوندیں بھی امتحان بن گئیں،اقوام متحدہ میں اسرائیلی بربریت سے ہلاک یو این ورکرز کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی ،پاکستان سمیت 20 اسلامی ممالک نے اسرائیل کو جنگی جرائم کا مجرم قرار دینے کا مطالبہ کر دیا،حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیل سے 5 روزہ جنگ بندی کے بدلے یرغمال خواتین و بچوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کر دی۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری میںشہید فلسطینیوں کی تعداد 11500سے متجاوز کرگئی،غیر ملکی میڈیا کے مطابق شفا ہسپتال کے اطراف حماس و اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیلی سنائپر ہسپتال میں موجود مریضوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں،اسرائیلی حکومت نے ہسپتال خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاالشفا ہسپتال پر کنٹرول سے شمالی غزہ کے 50 فیصد حصے پر قبضہ ہو جائے گا،ہسپتال کے ڈائریکٹر ابوسلمیہ نے کہا الشفا ہسپتال میں موجود 179 لاشوں کو ہسپتال کے کمپاونڈ میں اجتماعی قبر میں دفنایاگیا ،شہید فلسطینیوں کی لاشوں کو اجتماعی قبر میں دفن کرنے پر مجبور ہیں۔

ادھر غزہ میں ہونےوالی بارش کا پانی پناہ کےلئے بنائے گئے خیموں میں داخل ہوگیا جس کے باعث پہلے سے مشکلات کا شکار غزہ کے باسیوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں،دریں اثنامزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیل سے 5 دن کی جنگ بندی کے بدلے 70 یرغمال خواتین و بچوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کر دی۔

القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے آڈیو پیغام میں کہاقطری ثالثوں کو بتادیا اسرائیل کےساتھ 5 روزہ جنگ بندی کے بدلے غزہ میں قید 70 خواتین اور بچوں کو رہا کرنے کےلئے تیار ہیں،5 روز کے دوران مکمل جنگ بندی اور ہر انسانی امداد کی اجازت ہونی چاہیے۔

مزید برآںبرسلز پریس کلب میں پاکستان سمیت او آئی سی ممالک سے تعلق رکھنے والے 20 سفرا نے پریس کانفرنس میںاسرائیل کو جنگی جرائم کی وجہ سے مجرم قرار دینے کا مطالبہ کردیا،سفرا نے کہاغزہ کے لوگوں کو اسرائیلی جبر سے نجات دلاکربین الاقوامی تحفظ فراہم کیا جائے۔

علاوہ ازیں اقوام متحدہ میں اسرائیلی بربریت سے ہلاک ہونےوالے یو این ورکرز کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی،خاموشی پریڈ میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس سمیت دیگر اراکین شریک ہوئے،دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماوننگ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا غزہ میں انسانیت کا قتل عام ہو رہا ہے، مشرق وسطیٰ میں جنگ بند ہونی چاہیے،الشفاءہسپتال پر اسرائیلی بمباری قبول نہیں۔