سرمایہ کاری لانی ہے توتماشے ختم کرنا ہوں گے،خاقان

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وسینئر رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی نے کہاہے میرے خلاف کیس ختم ہوگیا تھا،پچھلے چیف جسٹس نے جاتے جاتے بحال کیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ملک میں 2ہزار ارب اور 200ارب کی سرمایہ کاری لانے والے بھی صلے میں نیب کے ہتھے چڑھ گئے،ملک میں سرمایہ کاری لانی ہے توتماشے ختم کرنا ہوں گے،سیاست کھیلنی ہے تو سیاستدانوں کےساتھ کھیلی جائے،سابق وزیراعظم نے کہاتماشوں کے بعد کہتے ہیں روز گار نہیں،مہنگائی ہوگئی،تماشے روکے بغیر ملک نہیں چلتا،ایف آئی ایف سی کو کوئی سرمایہ کاری نہیں ملے گی۔

دریں اثنا اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس کیس پرسماعت جج بشیر نے کی، سابق وزیر اعظم عدالت میں پیش ہوئے،بیرسٹر ظفرنے موقف اپنایا سپریم کورٹ نے بحال ہونے والے کیسز کے حتمی فیصلے سے روکا ،جج بشیر نے استفسار کیا پھر کیس کو کب کےلئے رکھ لیں؟بعدازاں احتساب عدالت کے جج بشیر نے غیر حاضر ملزموں کو دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کرکے سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔