لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کا کہنا ہے کہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کوبہترطریقے سے بارڈر تک پہنچائیں گے۔ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف ایکشن شروع کردیا گیا، غیرقانونی تارکین وطن کاانخلا مرحلہ وار کیاجائےگا۔ پہلے مرحلے میں فیصل آباد اورسرگودھا ڈویژن سے آغاز کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہولڈنگ سنٹرز پرغیرقانونی تارکین وطن کا رش نہیں ہونے دیں گے۔ غیرقانونی تارکین وطن کے انخلا کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تمام سنٹرز پر قانونی معاملات کی تکمیل کےلئے قواعدوضوابط طے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک میں غیرقانونی تارکین وطن کو رہنے کی اجازت نہیں۔ تمام اداروں نے ملکر ڈیٹا مکمل کرلیا ،ڈیٹاکے مطابق عملدرآمدکیا جارہا ہے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لمز یونیورسٹی پر پولیس کے دھاوے کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو جھوٹی اور بے بنیاد قرار دیدیا۔ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میرے پیچھے ایک جعلی ویڈیو چل رہی ہے جس میں بتایا جا رہا ہے کہ لمز یونیورسٹی لاہور پر پنجاب پولیس چھاپہ مار رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ویڈیو میں جو تصویر ہے وہ لمز یونیورسٹی سے بہت دور ہے، پولیس کی کوئی نارمل موومنٹ ہے پولیس نے لمز پر کوئی ریڈ نہیں کیا۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ اس بارے میں نہ پولیس کو کوئی حکم ملا نہ ہمیں کہا گیا، یہ جعلی اور جھوٹی ویڈیو وزیراعظم کے دورے کو بدنام کرنے کیلئے جھوٹی اور بے بنیاد خبر کے طور پر جاری کی گئی اور یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نہ پنجاب پولیس نے لمز پر چھاپہ مارا نہ اس کا کوئی حکم ملا اور نہ ہی ہمارا ایسا کوئی ارادہ ہے۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ اس جعلی ویڈیو کو بنانے والوں کو اب بولو کہ وہ قانونی کارروائی کیلئے تیار ہو جائیں۔ آئی جی پنجاب کی ویڈیو پنجاب پولیس کے سوشل میڈیا سیل نے جاری کی۔دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں لاہور گریژن یونیورسٹی کے طلبا و طالبات سے ملاقات کی۔ ان طلبا و طالبات نے پنجاب پولیس کے ساتھ بطور والنٹئیرز کام کرتے ہوئے پولیس ورکنگ بارے مکمل آگاہی حاصل کی ہے۔آئی جی پنجاب نے لاہور گریژن یونیورسٹی کے طلبا وطالبات کو پولیس والنٹئیرز کورس مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹس دئیے۔ آئی جی پنجاب نے طلبا وطالبات کے ساتھ گفتگو میں کمیونٹی پولیسنگ کے متعلق جاری اقدامات بارے آگاہ کیا۔
لمز میں چھاپے کی خبریں جعلی، غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف ایکشن شروع کردیا:آئی جی پنجاب
















