لاہور (ہیلتھ رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر کوٹ لکھپت جیل کے 18 قیدیوں کی آنکھوں کی مئیو ہسپتال میں سرجری کامیاب ہو گئی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے میوہسپتال کے شعبہ امراض چشم کا دورہ کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت نے کوٹ لکھپت جیل کے اٹھارہ قیدیوں سے آنکھوں کی کامیاب سرجری کے بعد ملاقات کی اورکامیاب سرجری ہونے والے تمام قیدیوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ میوہسپتال کے 4 رکنی سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم نے کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے بعد 20 مریضوں کو آنکھوں کی سرجری کیلئے مئیو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا۔ 20 میں سے18 قیدیوں کی آنکھوں کی کامیاب سرجری ہو چکی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے کچھ روز قبل کوٹ لکھپت جیل میں دورہ کے دوران قیدیوں کی آنکھوں کے علاج کی ہدایت کی تھی۔ دریں اثناءنگران صوبائی وزیر صحت نے گورنمنٹ میاں منشی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں کارڈیالوجی کی سہولیات فراہم کرنے کی خوشخبری سنا دی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے گورنمنٹ میاں منشی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں گائنی وارڈ، او پی ڈی، ایمرجنسی وارڈ، ای این ٹی وارڈ، لیبر روم، ایکسرے روم، تھیلیسیمیا سنٹر، ڈینگی وارڈ سمیت مختلف وارڈز کا دورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ایم ایس گورنمنٹ میاں منشی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عدنان القمر نے نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر مختلف سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کا دورہ کررہے ہیں۔ گورنمنٹ میاں منشی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں ہزاروں مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔گورنمنٹ میاں منشی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ گورنمنٹ میاں منشی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں جلد کارڈیالوجی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے :ڈاکٹر جاوید اکرم


















